پاکستان کے 6ریڈیو سٹیشن بند اور 4 ریلے سٹیشنوں میں تبدیل

پاکستان کے 6ریڈیو سٹیشن بند اور 4 ریلے سٹیشنوں میں تبدیل

لاہور(حسن عباس زیدی)پاکستان کے 6ریڈیو سٹیشن کو بند اور 4 کو ریلے سٹیشنوں میں تبدیل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن بورڈ کی رواں برس مارچ میں ہونے والی 379ویں میٹنگ کے دوران ہونے والے فیصلوں پرعملدرآمد کردیاگیا۔ریڈیو پاکستان کے بند ہونے والے یونٹس میں پاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی، ہائی پاور میڈیم ویو ٹرانسمیٹنگ سٹیشن پاورکوئٹہ،موہلنوال لاہور،براڈ کاسٹنگ ہاؤس راولپنڈی 3،سنٹرل پروڈکشن یونٹ کراچی اور لاہور شامل ہیں جبکہ مٹھی،بھٹ شاہ،ایبٹ آباد اور سرگودھا کو ریلے سٹیشنز میں تبدیل کردیا گیا۔ہائی پاور میڈیم ویو ٹرانسمیٹنگ سٹیشن پاورموہلنوال لاہور کو بند کئے جانے سے تین شہرہ آفاق پروگرام”سوہنی دھرتی“،”پنجابی دربار“ اور”پاسبان“ ایف ایم 93پر منتقل کردیئے جائیں گے جس کے بعد یہ پروگرام صرف لاہور اور مضافات تک سنے جا سکیں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ”پنجابی دربار“ایک ایسا پروگرام تھاجس کو بھارتی حکومت سخت ناپسند کرتی تھی اور اس نے پروگرام کی بندش کیلئے بارہا کوشش کی جبکہ ”سوہنی دھرتی“ قیام پاکستان کے بعد سے تسلسل کے ساتھ جاری ہے،تقسیم ہند سے قبل یہ پروگرام ”جمہور دی آواز“کے نام سے نشر کیا جاتا تھا۔اس کے علاوہ پاکستان بھر کے بند ہونے والے 6 ریڈیو سٹیشنز کی اربوں روپے مالیتی اراضی کے بیچنے، لیز پر دینے یا کسی اور مصرف میں استعمال کے حوالے سے حکومت نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔تاہم ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس اراضی پر ہاؤسنگ سکیم بنائے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔

ریڈیو سٹیشن بند

مزید : صفحہ اول