ٹھیکیدار نے فنڈز کا درست استعمال نہیں کیا ،تاجران

ٹھیکیدار نے فنڈز کا درست استعمال نہیں کیا ،تاجران

کوھاٹ (بیورو رپورٹ) تاجران بازار زرگران اور یونین عہدیداران نے ڈپٹی کمشنر کوھاٹ کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے بیوٹی فیکیشن فنڈ میں سے رقم مختص کر کے زرگراں بازار میں نکاس آب کی نالیاں تعمیر کرائیں اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ ٹھیکیدار نے اس فنڈ کا درست استعمال نہیں کیا بلکہ ناقص میٹریل سے کام کر کے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا پہلے چھ ماہ تک تو یہ نالیاں کھلی پڑی رہیں جن میں اکثر لوگ خصوصاً خواتین گرتی رہیں کئی بچے بھی زخمی ہوئے بار بار یاد دہانی کے بعد ٹھیکیدار نے انتہائی ناقص طریقہ سے نالیوں کو اس طرح بند کر دیا کہ نہ دکانوں کا پانی اس میں جا سکتا ہے اور نہ اس کی صفائی کی جا سکتی ہے اور اکثر صفائی کا عملہ نالی کو توڑ کر صاف کرنے پر مجبور ہوتا ہے ان کا کہنا تھا کہ بازار زرگراں کے دکانداران نے تمام نالیوں پر جنگلے لگانے کی بات کی تھی مگر ٹھیکیدار نے من مانی کر کے ناقص پالیسی اختیار کی جو دکانداروں کے لےے زحمت کا باعث بن رہی ہے لہٰذا بازار زرگراں یونین آنجناب سے اپیل کرتی ہے کہ نالیوں پر ڈالا گیا لینٹر توڑ کر اس پر کھلنے اور بند ہونے والے آہنی جنگلے لگائے جائیں تاکہ فنڈ کا درست استعمال ممکن ہو اور دکانداروں کی پریشانیاں بھی دور ہوں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر