کوہاٹ:تحصیل لاچی میں افطاری کیلئے گھر بلائے دو مہمانوںکو قتل کردیا گیا

کوہاٹ:تحصیل لاچی میں افطاری کیلئے گھر بلائے دو مہمانوںکو قتل کردیا گیا

پشاور(سٹاف رپورٹر)کوہاٹ کی تحصیل لاچی میں افطاری کیلئے گھر بلائے دو مہمانوںکو قتل کردیا گیا ہے ۔مقتولین کا تعلق اورکزئی اور جنگل خیل سے ہے جنکی لاشیں پولیس نے گھر سے برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔قتل کی واردات کا مرتکب ملزم اور مقتولین نشے کے عادی ہیں جنکے مابین مبینہ طور پر منشیات پر تنازعہ پیدا ہونے سے وقوعہ رونما ہوا ہے ۔پولیس نے قتل کے مقدمے میں نامزد روپوش ملزم کے دو ساتھیوں کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے علاقہ ہسپتال کالونی سے پولیس کو گھر سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں اسلحہ آتشیں سے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے ۔پولیس نے لاشیں تحویل میں لیکر سول ہسپتال لاچی منتقل کردی جہاں انکی شناخت اکبر خان ولد ارباب خان سکنہ اورکزئی حال نور الٰہی کالونی کوہاٹ اور آصف ولد نصراللہ سکنہ جنگل خیل کے نام سے ہوئی ہیں۔پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد مےں لاشیں لواحقین کے حوالے کردی گئےں اور مقتول اکبرخان کے نانا یار بادشاہ کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ نامزد ملزم رئیس خان سکنہ لاچی کے خلاف درج کرلیا گےا ہے ۔مدعی مقدمہ نے پولیس کو درج رپورٹ میں بتایا ہے کہ انکا نواسہ اکبر خان اپنے دوسرے ساتھی آصف کے ہمراہ لاچی میں اپنے دوست رئیس خان کے ہاں افطاری کیلئے آئے ہوئے تھے جہاں انہیں قتل کرنے کے بعد رئیس خان انکی لاشیں گھر میں چھوڑ کر فرار ہوا ہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق مقتولین اور ملزم نشے کے عادی تھے اور انکے مابین مبینہ طور پر منشیات پر تنازعہ پیدا ہونے سے وقوعہ رونما ہوا ہے اور ملزم نے طیش میں آکر موقع پر گولیاں مار کر گھر بلائے مہمان دوستوں کو قتل کیا ہے ۔پولیس تھانہ لاچی نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے اور انکے مبینہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں ۔پولیس نے مخبر کی نشاندہی پر ملزم کی تلاش میں لاچی بالا کے علاقے میں واقع ایک گھر پر اچانک چھاپہ مار کر انکے دو سہولت کار ساتھیوں نوید اور امجد کو گرفتار کرلیا اور انکے قبضے سے ایک کلاکوف ،ایک بندوق اور درجنوں گولیاں برآمد کرلی ہیں ۔پولیس نے گرفتار ملزمان کو شامل تفتیش کرکے واقعے کی تمام پہلوﺅں سے تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر