پاکستان ایران باہمی اتحاد و تعاون سے اسلامی دنیا کیلئے رول ماڈل بن سکتے ہیں: ڈاکٹر امجد علی

پاکستان ایران باہمی اتحاد و تعاون سے اسلامی دنیا کیلئے رول ماڈل بن سکتے ہیں: ...

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخواکے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران تاریخی اور ثقافتی لحاظ سے ایک دوسرے کے انتہائی قریب ہیں اور دونوں اسلامی پڑوسی ممالک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس گیس اور تیل کے وسیع ذخائر ہیں۔ جبکہ پاکستان معدنی وسائل سے مالامال ہے۔ دونوں پڑوسی ممالک آپس میں اتحاد اور باہمی تعاون کے ذریعے اپنے تمام مسائل اور مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں اور اسلامی دنیا کے لئے رول ماڈل کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ایرانی قونصل جنرل محمد باقر بیگی سے پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔وزیرمعدنیات نے ایران کے سرمایہ کاروں کو صوبہ خیبر پختونخوا کے معدنیات میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ ایرانی سرمایاکار جائنٹ وینچر کے ذریعے صوبہ خیبرپختونخوا کے لیز میں حصہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے معدنیات کے لیے نیا ایکٹ بنایا ہے ایکٹ پاس ہونے کے بعد ایران سمیت دوسرے ممالک کی کمپنیاں خیبرپختونخوا کی معدنیات کی لیز میں براہ راست حصہ لے سکیں گی۔وزیرمعدنیات نے کہا کہ ہم معدنیات کے شعبے میں ایران کے جدید تکنیکی طریقہ کار سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ایرانی قونصل جنرل نے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی کو ایران کا دورے کرنے کی دعوت دی۔ وزیرمعدنیات نے ایران کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ جلد تہران، جنوبی صوبہ خراسان اور ایران کے معدنی وسائل سے مالامال صوبوں کا دورہ کریں گے۔ جہاں وہ ایرانی سرمایاکاروں اور معدنیات کے ماہرین سے ملاقات اور معدنیات اور قیمتی پتھروں کی نمائش اور معدنی شبہ کے بین الاقوامی ایکسپو میں شرکت کریں گے۔وزیرمعدنیات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایران کو ایک اسلامی اور پڑوسی ملک ہونے کے ناطے ترقی کے میدان میں بڑی ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران عالمی پابندیوں کے باوجود نہ صرف اپنے پاؤں پر کھڑا ہے بلکہ اس کی GDP بھی دنیا کے بہت سے ممالک سے اچھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ آپس میں تجارت کو بڑھائیں اور معدنیات کے شعبے میں ایک دوسرے کی مہارت سے فائدہ اٹھائے ایران کے قونصل جنرل محمد باقر نے کہا کہ ایران کے معدنی شعبے کے ماہرین خیبرپختونخوا کے معدنیات کے شعبے سے وابستہ افراد کو ٹریننگ فراہم کریں گے۔ ایران کے معدنی شعبے کے ماہرین کی ٹیم خیبر پختونخوا میں فنی مہارت کی تربیت کے لئے جلد ورکشاپس کا انعقاد کرے گی۔

مزید : صفحہ اول