’کھاتے ہوئے یہ کام کریں‘ سائنسدانوں نے خوشگوار شادی شدہ زندگی کا راز بتادیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) آج کی مصروف زندگی میں میاں بیوی کو اکٹھے بیٹھ کر کھانا کھانے کا موقع کم ہی میسر آتا ہے لیکن اب سائنسدانوں نے اس عمل کا ایسا حیران کن فائدہ بتا دیا ہے کہ شادی شدہ جوڑے ایک ساتھ کھانا کھانے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ میل آن لائن کے مطابق برطانوی تنظیم ’میرج فاﺅنڈیشن‘ کے ماہرین نے ایک تحقیقاتی سروے کے نتائج میں بتایا ہے کہ ”جو میاں بیوی اکٹھے کھانا کھاتے ہیں ان کی ازدواجی زندگی انتہائی خوشگوار رہتی ہے۔“ ماہرین کے مطابق اکٹھے کھانا کھانے سے ازدواجی زندگی پر اتنے ہی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جتنے اچھی جنسی زندگی سے ہوتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی سروے میں شامل شادی شدہ جوڑوں میں سے 57فیصد نے بتایا کہ ان کی ازدواجی زندگی انتہائی خوشگوار ہے اور وہ اپنے باہمی تعلق سے بہت مطمئن ہیں۔ جب ماہرین نے ان کی عادات کا مشاہدہ کیا تو ان میں سے اکثریت اکٹھے کھانا کھانے کی عادی تھی۔ فاﺅنڈیشن کے چیئرمین سر پاﺅل کالریج کا کہنا تھا کہ ”شریک حیات کو نظر انداز کرنا اور ایک دوسرے سے اکتا جانا ازدواجی زندگی کی خوشگواریت کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ جو میاں بیوی اکٹھے کھانا کھاتے ہیں، ان کی ازدواجی زندگی اس لیے بھی خوشگوار ہوتی ہے کہ وہ اس طرح ایک دوسرے کو وقت دیتے ہیں اور ایک دوسرے کی بات سنتے ہیں۔“