20 سالہ پاکستانی لڑکی اپنے گھر کے باہر سے سب کے سامنے اغوا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں ایک 20سالہ لڑکی کو اس کے گھر کے باہر سے سب کے سامنے اغواءکر لیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ واردات ڈیفنس، خیابان سحر میں پیش آئی ہے جہاں بسمہ سلیم نامی یہ لڑکی سحری کے وقت چھوٹو چائے والا نامی ’ٹی شاپ‘ سے واپس گھر پہنچی تھی جہاں اس کا پیچھا کرتے ہوئے چار ملزم بھی پہنچ گئے۔ بسمہ اپنی گاڑی سے اتر کر گھر میں داخل ہونے لگی تو اپنی گاڑی سے ملزم اتر کر اس کی طرف لپکے اور اسے دبوچ کر اپنی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے۔
رپورٹ کے مطابق بسمہ سلیم بلاگر اور میک اپ آرٹسٹ ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب اغواءکار بسمہ کو پکڑتے ہیں تو ان میں سے ایک بسمہ کو تھپڑ مارنے شروع کر دیتا ہے اور دوسرے اسے گھسیٹتے ہوئے اپنی گاڑی کی طرف لے جاتے ہیں۔ تاحال بسمہ کا کوئی سراغ نہیں مل سکا اور نہ ہی ملزمان کی شناخت ہو سکی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ اسے اغواءکرنے کا محرک کیا تھا۔کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے بسمہ کی تلاش کے لیے کریک ڈاﺅن شروع کر رکھا ہے تاہم آج چوتھا روز گزرجانے کے باوجود اس کا کچھ پتا نہیں چل سکا۔