آخری عشرے میں مذہبی جلوسوں پر پابندی ہوگی،ڈی آئی جی آپریشنز

آخری عشرے میں مذہبی جلوسوں پر پابندی ہوگی،ڈی آئی جی آپریشنز

  

لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید نے کہا کہ لاہور پولیس شہر میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے مکمل طور پر الرٹ ہے۔حکومت پنجاب کی طرف سے یوم شہادت علی سمیت رمضان المبارک کے آخری عشرہ کے تمام مذہبی جلوسوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ رائے بابر سعید نے کہا کہ شہریوں کی زندگی کی حفاظت ہر چیز سے مقدم ہے، لاہور پولیس حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں اس حوالے سے عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے امام بارگاہوں کی حدود میں ایک گھنٹہ کی دی گئی ٹائم لائن، ماسک، سینیٹائزرز،سماجی فاصلے سمیت کورونا ایس او پیز کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے محدودمجالس کی اجازت ہے۔رائے بابر سعید نے کہا کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے تناظر میں غیر معمولی حالات کے تحت معمول کی سرگرمیاں جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔شہری انسانی زندگی کی حفاظت اور حکومتی پابندی کے پیش نظر یوم شہادت علی? سمیت کسی بھی مذہبی جلوس میں شرکت سے سختی سے گریز کریں۔رائے بابر سعید نے کہا کہ پہلی بار ہمیں غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے۔ ہیلتھ ایڈوائزری کے تحت سماجی فاصلے برقرار رکھنا اور میل جول سے گریز وقت کی اہم ضرورت ہے۔ایسی تمام سرگرمیاں جو گذشتہ سالوں میں کی جاتی رہی ہیں وہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ مذہبی، سماجی یا تفریحی سرگرمیوں سمیت ایسے تمام پروگرامز جن میں سماجی رابطہ کا امکان ہوکا انعقاد ممکن نہیں۔رائے بابر سعید نے کہا کہ شیعہ لیڈرزبھی اپنی کمیونٹی کے لوگوں کو کورونا وائرس کے خطرات اور حکومتی پابندی بارے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس شیعہ کمیونٹی کے علمائے کرام کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہے۔لاہور پولیس کو کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر تمام مذہبی اجتماعات اور سرگرمیوں کو موقوف کرنے میں علماء کرام کا بھرپور تعاون حاصل رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور شہری کورونا وباء کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر شہریوں کی زندگی کی حفاظت کی خاطرلاہور پولیس سے بھرپور تعاون کریں گے۔

مزید :

علاقائی -