کورونا سے جاں بحق ہیڈ کانسٹیبل کو شہید کا درجہ دے دیا گیا

کورونا سے جاں بحق ہیڈ کانسٹیبل کو شہید کا درجہ دے دیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(کرائم رپورٹر، خبرنگار) کورونا وائرس میں مبتلا ہونے سے جاں بحق ہونے والے محکمہ پولیس کے پہلے جوان ہیڈ کانسٹیبل شمس شفیق کو شہید کا درجہ دے دیا گیا ہے۔کورونا وائرس کی وبا میں مبتلا ہونے کے بعد میوہسپتال میں جان کی بازی ہارنے والے شمس شفیق کے بارے بتایا گیا ہے کہ وہ تین کمسن بچوں کا باپ اور گھر کا واحد کفیل تھا۔ شمس شفیق کرائے کے مکان میں سکندریہ کالونی سمن آباد میں رہائش پذیر اور 17سال پہلے محکمہ پولیس میں کانسٹیبل بھرتی ہوا تھا اور محکمہ میں ترقی پانے کے بعد تھانہ ہربنس پورہ میں بطور ہیڈ کانسٹیبل تعینات تھا کہ تین روز قبل اچانک کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر اسے میوہسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں اس کے پھیپھڑے سکڑ گئے جس کے باعث اس کی موت واقع ہو گئی۔ محکمہ پولیس نے ہیڈ کانسٹیبل شمس شفیق کو شہید کا درجہ دے دیا ہے۔


شمس شفیق محکمہ پولیس میں کورونا کے باعث شہادت پانے والا سب سے پہلا جوان ہے۔ شمس شفیق شہید کو گھر واقع سکندریہ کالونی سمن آباد کے قریب واقع قبرستان میں نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ شمس شفیق کی میت نماز جنازہ کے لئے اٹھائی گئی تو اس کی کمسن بچے زاروقطار روتے رہے جبکہ ہر آنکھ اشکبار اور پورے علاقہ میں سوگ کا سماں تھا۔سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ شمس شفیق کو شہید کا درجہ دے دیا گیا ہے اور محکمہ پولیس میں شمس شفیق پہلا جوان ہے جس نے کورونا سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کی ہے۔

مزید :

علاقائی -