ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائیاں تیز کردیں،عبدالعلیم خان

  ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائیاں تیز کردیں،عبدالعلیم خان

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)سینئر ووزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے بھر میں گندم یا دیگر خوراک ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، محکمہ خوراک اس سلسلے میں مکمل الرٹ ہے اور کہیں کسی سے کوئی رعائیت نہیں برتی جارہی۔عبدالعلیم خان نے محکمہ خوراک کی طرف سے اب تک کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے بھر میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور610مقامات پر ایکشن لیتے ہوئے44ہزار ٹن گندم برآمد کر کے قبضے میں لے لی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک کی کارروائیوں کے مطابق گندم کی غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث498گاڑیاں ضبط کر لی گئی ہیں جبکہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف213ایف آئی آر کا اندراج کر کے قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق ذخیرہ اندوزوں کا پیچھا جاری رکھیں گے،ا س سلسلے میں پنجاب بھر میں فلور ملز اور پرائیویٹ پارٹیوں کیخلاف یکساں کارروائی ہو رہی ہے اور کسی کو گندم ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی ہی ناجائز منافع خوری کا باعث بنتی ہے جبکہ اس سلسلے میں کی گئی کارروائیاں گندم خریداری مہم کیلئے فائدہ مند ثابت ہو رہی ہیں۔سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے بتایا کہ محکمہ خوراک کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف سرگرمیوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ ہو رہی ہے اور جس کی رپورٹ انہیں بھی پیش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں گندم خریداری مہم کامیابی سے جاری ہے اور انشاء اللہ ہم اپنا ہدف ضرور حاصل کریں گے اور لوگوں کو گندم اور آٹاوافر مقدار میں مہیا ہوگا۔

عبدالعلیم خان

مزید :

صفحہ آخر -