100دفعہ آڈٹ کرلیں،ایکسپو سینٹر کیلئے صرف7کروڑ کا چیک دیا،یاسمین راشد

100دفعہ آڈٹ کرلیں،ایکسپو سینٹر کیلئے صرف7کروڑ کا چیک دیا،یاسمین راشد

  

لاہور(این این آئی)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایکسپو سینٹر کے اخراجات بارے میڈیا پر زیر بحث خبروں کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 100دفعہ فرانزک آڈٹ کرانے کو تیار ہوں،ایکسپو سینٹر فیلڈ ہسپتال کیلئے انتظامیہ کو 7کروڑ روپے کا چیک دیا گیا تھا، اخراجات کے حوالے سے تمام تفصیلات ویب سائٹ پر موجود ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ایکسپو سینٹر میں بیک اپ پلان کی تیاریاں کرتے ہوئے کم علامات والے مریضوں کو وہاں رکھنے کا فیصلہ کیا لیکن اس پر آنے والے اخراجات کی خبریں درست نہیں۔ یہ قوم کا پیسہ ہے، کورونا پرروزانہ کا خرچہ پنجاب حکومت کی ویب سائٹ پر چیک کیا جا سکتا ہے۔ ایک دفعہ نہیں، 100مرتبہ فرانزک آڈٹ کرانے کو تیار ہوں۔ میڈیا کی بڑی عزت کرتی ہوں، لوگ غلط فہمیاں پیدا کرتے ہیں، مجھے گلا ہے کہ میرا موقف نہیں لیا گیا، مجھے فون کیا جاتا تو اخراجات کے حوالے سے ساری تفصیلات بتا دیتی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے عوام کو متنبہ کیا کہ وبا ء ابھی ختم نہیں ہوئی کسی بھی وقت پھیل سکتی ہے۔ شہری احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ ٹیسٹوں کی استعداد بڑھا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر اس وبا ء پر قابو نہیں پا سکتے،پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد 13ہزار 561ہو چکی ہے۔

یاسمین راشد

مزید :

صفحہ آخر -