کورونا وائرس شاید کبھی ختم نہ ہو، ہمیں اس کیساتھ ہی رہنا پڑیگا: عالمی ادارہ صحت
نیویارک(آئی این پی)عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او)نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس شاید کبھی بھی ختم نہ ہو اور دنیا کو اس کیساتھ ہی جینا پڑ یگا۔ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈبلیوایچ او مائیکل ریان کا جنیوا میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انسانی آبادی میں ایک نیا وائرس داخل ہواہے، لہٰذا پیش گوئی کرنا مشکل ہے کہ وائرس پر کب تک قابو پایا جا سکتا ہے۔مائیکل ریان نے دنیا کو خبردار کرتے ہوئے بتایا کہ ایچ آئی وی کی طرح شاید کورونا بھی کبھی ختم نہ ہو اور دنیا کی پوری آبادی کو اس کیساتھ ہی رہنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کورونا ہمارے معا شر ے میں ایک اورمستقل وباء کی شکل اختیارکر سکتا ہے، جیسے ایچ آئی وی ختم نہیں ہوا اور ہمیں اس کیساتھ رہنا پڑا۔ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ پابندیوں میں نرمی سے وبا ء کی دوسری لہر نہ آنے کی ضمانت نہیں دی جاسکتی، بہت سے ممالک چاہیں گے کہ پابندیوں سے باہر آئیں، لیکن ہماری سفارش ہے کسی بھی ملک میں انتباہ اعلی سطح پر ہونا چاہیے۔خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 44 لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ 2 لاکھ 98 ہزار سے زیادہ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت