یورپین یونین سفیر کی 150 ملین یورو امدادکی پیشکش،وزیرداخلہ کا خیر مقدم

      یورپین یونین سفیر کی 150 ملین یورو امدادکی پیشکش،وزیرداخلہ کا خیر مقدم

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی یورپین یونین کی سفیراینڈرولاکامنینارا(Androulla Kaminara)سے خصو صی ملاقات کی، اس موقع پر ہالینڈ اور چیک رپبلک کے سفیر بھی موجود تھے۔ وزارت داخلہ میں ہونیوالی اس ملاقات میں باہمی امور کے معا ملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرکورونا صورتحال کو زیر بحث لاتے ہوئے یور پین یونین کی سفیر نے کورونا سے مقابلہ کرنے کیلئے 150 ملین یورو کی امداد کی پیشکش کی۔ ان کا کہنا تھا اس امدادی رقم سے کورونا سے متاثرہ پاکستانیوں کی مدد کی جا سکے گی اور یہ بھی کہا خوشی ہو گی اگر اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ دے سکیں۔ اس کے جواب میں وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے اس پیشکش کا بھر پور خیر مقدم کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا اس مشکل وقت میں ہمارے لوگوں کو سہولت دینے پر شکر گزار ہیں، اس وقت ہمارے محنت کشوں اور دیہاڑی پر روزی کمانے والے لوگوں کو بھر پور تعاون کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں ضروری اقدامات کو جلد پورا کرنے میں مکمل تعاون کریں گے۔ اس موقع پر سفیر کو آگاہ کیا گیا کہ ریلیف کاموں میں سہولت کیلئے پہلے ہی حکومتی آرڈر جاری کر چکے ہیں۔ فلاحی کاموں کیلئے این او سی کی شرط ضروری نہیں۔ فلاحی پراجیکٹ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کیساتھ مل کر ملک بھر میں کورونا ریلیف کیلئے کئے جا سکتے ہیں، جس کو جان کر سفیر نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا اس سے امدادی رقم متعلقہ جگہوں پر پہنچانے میں آسانی ہوگی۔ عوامی سطح پر لوگوں کیلئے آسانیاں چاہتے ہیں، دیگر امور کے بار ے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا مجموعی طور پر حالات میں کافی بہتری آئی ہے، اس وبا کا مقابلہ کرنا کافی ضروری ہے، حکومت صحت اور معیشت کو ساتھ چلانے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔ ہماری جانب سے ہر شعبے میں اب تک کی کارکردگی تسلی بخش ہے، بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے اور ہم پوری کوشش کرتے رہیں گے کہ معاملات عوام کے وسیع تر مفاد میں ہوں۔ ملاقات کا اختتام پراجیکٹ کی جلد شروعات کے عہد پر ہوا اور سفیر نے وزارت داخلہ کیساتھ ہونے والے اب تک کے کامیاب دوطرفہ پراجیکٹس پر تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

پورپی یونین امداد

مزید :

صفحہ اول -