امریکہ نے بلوچستان لبریشن آرمی ”عالمی دہشت گرد“ تنظیم قرار دیدی

  امریکہ نے بلوچستان لبریشن آرمی ”عالمی دہشت گرد“ تنظیم قرار دیدی

  

واشنگٹن(آئی این پی)امریکی محکمہ خارجہ نے بلوچستان لبریشن آرمی کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیدیا۔امریکی سینٹرل کمانڈ(سینٹکام)کے اردو آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں ترجمان نے کہا کہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے امریکا کے محکمہ خارجہ نے بلوچستان لبریشن آرمی(بی ایل اے)کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔ بی ایل اے نے کراچی میں چینی قونصلیٹ اور گوادر کے پرل کانٹینیٹل ہوٹل پر حملوں سمیت پاکستان کے سیکیورٹی اداروں اور شہریوں کے خلاف دہشت گرد انہ کارروائیوں کی ذمے داری قبول کی ہے جبکہ امریکا پاکستان اور جنوبی ایشیا کی سلامتی اور استحکام کا حامی ہے۔ترجمان نے کہا کہ آج کے اس اعلان کا مقصد بی ایل اے کو مستقبل میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد سے روکنا ہے۔ اس کے علاوہ یہ اقدام عالمی سطح پر دہشت گردی کی روک تھام کیلئے امریکی حکومت کی کاوشوں میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ اس اعلان کے بعد بی ایل اے کی معاونت کو دہشت گردی کی معاونت قرار دیا جائے گا، یہ تنظیم پہلے ہی اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں کے باعث پاکستان میں کالعدم قرار دی جاچکی ہے۔

دہشتگرد قرار

مزید :

صفحہ اول -