کورونا، پاکستان میں مزید 32اموات، 1519نئے کیسز رپورٹ

        کورونا، پاکستان میں مزید 32اموات، 1519نئے کیسز رپورٹ

  

لاہور(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میں کورونا وائرس سے مزید 32 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 802 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 37160 تک جاپہنچی۔ اموات میں خیبرپختونخوا سب سے آگے جہاں کورونا سے 284 افراد انتقال کرچکے جبکہ سندھ میں 243 اور پنجاب میں 234 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 30، اسلام آباد 6، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیرمیں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔ جمعرات کے روز ملک بھر سے کورونا کے مزید 1519 کیسز اور 32 ہلاکتیں سامنے آئیں جن میں پنجاب میں 353 کیسز اور 11 ہلاکتیں، خیبرپختونخوا سے 171 نئے کیسز 9 ہلاکتیں، سندھ 758 کیسز 9 ہلاکتیں، بلوچستان 152کیسز اور تین ہلاکتیں، اسلام آباد 63، گلگت بلتستان 19 کیسز اور آزاد کشمیر سے مزید 3 کیسز سامنے آئے۔خیبر پختونخوا سے کورونا کے مزید 171 کیسز رپورٹ ہوئے اور 9 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت نے کی۔محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 5423 اور ہلاکتیں 284 ہوگئی ہیں۔ پشاور میں 4، چارسدہ، مردان، صوابی، مالاکنڈ اور سوات میں ایک ایک ہلاکت ہوئی۔ مزید 113 افراد کورونا سے صحتیاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونیوالوں کی تعداد 1505 ہوگئی ہے۔سندھ سے کورونا وائرس کے مزید 758 کیسز اور 9 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4408 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے مزید 758 نئے کیسز ظاہر ہوئے اور 9 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 14099 اور اموات 243 ہوگئی ہیں۔وزیراعلیٰ کے مطابق 24 گھنٹوں میں مزید 238 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس سے صحتیاب ہونیوالوں کی تعداد 3073 ہوگئی ہے۔بلوچستان سے کورونا وائرس کے مزید 152 کیسز اور 3 اموات سامنے آئیں جس کی تصدیق صوبائی کورونا پورٹل پر کی گئی۔صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 2310 ہوگئی ہے جبکہ صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے۔بلوچستان میں اب تک 342 مریض کورونا وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت سے کورونا وائرس کے مزید 63 کیسز سامنے آئے ہیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 822 ہو گئی ہے جبکہ دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہے۔آزاد کشمیر سے کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 91 ہوگئی ہے جبکہ علاقے میں اب تک وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 69افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ پنجاب میں جمعرات کو کورونا کے مزید 11 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد انتقال کرجانیوالوں کی مجموعی تعداد 234 ہوگئی۔ صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق مزید 353 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 13914 تک جاپہنچی ہے۔ صوبے میں 4530 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔گلگت بلتستان میں جمعرات کو مزید 19 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 501 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق مہلک وائرس سے اب تک 4 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ کورونا سے متاثرہ 339 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا پاکستان

نیویارک، لندن، بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے سسٹمز سائنس و انجینئرنگ کے مرکز نے نوول کروناوائرس کی وباسے زیادہ متاثرہ ممالک میں مصدقہ کیسزاور اموات کے تازہ ترین اعدادوشمارکے مطابق دنیا بھر میں نوول کروناوائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد3لاکھ3ہزار سے زائد، مصدقہ کیسز کی تعداد 45لاکھ 921تک پہنچ گئی ہے۔گزشتہ روز امریکہ میں 1275،سپین 221،برطانیہ 438،اٹلی 265،برازیل460،فرانس 355،کینیڈا166،بھارت105،میکسیکو میں 299ہلاکتیں ہوئیں،امریکہ میں سب سے زیادہ 14لاکھ 48ہزار734مصدقہ کیسز ہیں جبکہ روس اس فہرست میں 2لاکھ52ہزار271کیسز کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ برطانیہ کا تیسرا نمبر ہے جہاں 2لاکھ 33ہزار985مصدقہ کیسز ہیں۔ سپین میں مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 72ہزار 691 ہوگئی ہے۔اٹلی میں مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 23ہزار104۔برازیل میں 1لاکھ97 ہزار 137 جبکہ فرانس میں 1لاکھ 78ہزار184ہوگئی ہے۔جرمنی میں مصدقہ کیسز کی تعداد1 لاکھ74ہزار98،ترکی میں 1لاکھ 44ہزار114جبکہ چین میں 84ہزار464 تک پہنچ گئی ہے۔ادھر اسرائیلی وزارت صحت نے کہاہے کہ ملک میں کرونا کے مزید 14 کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہزار529 ہوگئی ہے۔ متاثرین میں 66 کی حالت خطرے میں ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں وزارت صحت کا کہنا تھا کہ کرونا کی وبا کی وجہ سے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید متعدد افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 260 ہوگئی ہے۔ گذشتہ روز اسرائیل میں کرونا کے مزید 13 مریض سامنے آئے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل میں کرونا کے 11 ہزار956 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ متاثرہ افراد میں 4312 اب بھی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔وزارت صحت کا کہنا تھا کہ کرونا کے 66 مریضوں کی حالت خطرے میں ہے جن میں سے 57کو وینٹی لیٹر پررکھا گیا ہے۔

دنیا کورونا

مزید :

صفحہ اول -