عید کی آمد کے پیش نظر ٹرین سروس بحال کی جائے،محمد فیصل

  عید کی آمد کے پیش نظر ٹرین سروس بحال کی جائے،محمد فیصل

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کریڈو ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نائب صدر معروف سماجی رہنما محمد فیصل نے کہا ہے کہ عید کی آمد کے پیش نظر عارضی بنیادوں پر ٹرین سروس کو بحال کیا جائے تاکہ ہزاروں افراد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عید مناسکیں۔ہوائی جہاز،ٹرین سروس اور انٹراسٹی بسوں کی بندش کی وجہ سے پرائیویٹ گاڑیوں کے مالکان نے ایس او پیز کیے دھجیاں اڑاتے ہوئے ہزاروں روپے وصول کرکے ایک گاڑی گنجائش سے زیادہ افراد کو دوسرے شہر پہنچانا شروع کردیا ہے۔غیر محفوظ طریقے سے سفر کرنے کی وجہ سے ملک میں کورونا کی وباء مزید پھیلنے کا خدشہ ہے۔جمعرات کو جاری بیان میں محمد فیصل نے کہا کہ ماضی کی طرح اس سال بھی روزگار کے سلسلے میں کراچی میں مقیم ہزاروں افراد نے عید منانے کے لیے اپنے آبائی شہروں کو جانے کے خواہشمند ہیں لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے اس مرتبہ ان کی یہ خواہش پوری ہونا اتنا آسان نظر نہیں آرہا ہے۔ملک میں ہوائی جہاز،ٹرین سروس اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ پر بندش عائد ہے جس کی وجہ سے ایک شہر سے دوسرے شہر کا سفر جوئے شیر لانے کے مترادف بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی سے پنجاب جانے کے لیے فی مسافر20ہزار روپے مانگے جارہے ہیں جو عوام کی پہنچ سے باہر ہیں۔اس مرتبہ امکان یہی ہے کہ ہزاروں افراد اہل خانہ کے ہمراہ عید نہیں مناسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ گاڑی مالکان سفر کے دوران حکومتی ایس او پیز کے دھجیاں اڑارہے ہیں اور گاڑیوں میں گنجائش سے زیادہ مسافروں کو سفر کراکے مکل میں کورونا کی وبا میں اضافے کی وجہ بن رہے ہیں۔ حکومت کو فوری طور پر صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے۔انہوں مطالبہ کیا کہ عید سے قبل مخصوص ٹرینوں کو ایس او پیز کے مطابق چلانے کی اجازت دی جائے تاکہ ہزاروں افراد اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہوسکیں

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -