کراچی میں کورونا سے ایک اورپولیس اہلکار جاں بحق، تعداد 6ہوگئی
کراچی(این این آئی)کورونا وائرس سے کراچی پولیس کے ایک اور اہلکار کی موت واقع ہوگئی ہے، جس کے بعد اس عالمی وبا سے جاں بحق پولیس اہلکاروں کی تعداد6ہوگئی ہے۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل عبدالعزیز ڈی ایس پی رسالہ کے ڈرائیور کے طور پر ڈیوٹی پرمامور تھے، ان کا 6 مئی کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔پولیس ترجمان کے مطابق عبدالعزیز کو ایس آئی یو ٹی میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ جمعرات کی دوپہر انتقال کر گئے۔دوسری جانب سندھ پولیس میں مزید 3 اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثر ہ پولیس اہلکاروں کی تعداد 173 تک جاپہنچی ہے۔پولیس کے 32 اہلکار کورونا وائرس سے صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں، جبکہ 135 پولیس افسران اور اہلکار اس وائرس کی وجہ سے آئسولیشن میں ہیں۔
پولیس اہلکار