شلپا شیٹھی اور ان کے شوہر کے بیٹی کی پیدائش کیلئے دوسری خاتون کی کوکھ ادھار کیوں لی ؟ پہلی مرتبہ حقیقت سے پردہ اٹھا دیا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی ووڈ کی معروف ترین اداکارہ شلپا شیٹھی کے گھرحال ہی میں ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کیلئے انہوں نے ” سورو گیسی “ کا طریقہ کار اختیار کیا تھاجس کا مطلب ہے خاتون اور شوہر معاہدے کے تحت بچے کی پیدائش کیلئے کسی دوسری خاتون کی کوکھ ادھار لیتے ہیں اور بچہ پیدا ہونے کے بعد اسے لے لیتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شلپا شیٹھی اور ان کے شوہر راج کندرا کا ایک سات سالہ بیٹا ہے جس کا نام ” ویان راج کندرا“ ہے تاہم کچھ عرصہ قبل انہیں بچے کی پیدائش کیلئے ” سوروگیسی “ کی ضرورت کیوں پڑی ؟ اس پر پہلی مرتبہ اداکارہ نے خاموشی توڑ دی ہے اور جنم لینے والے کئی سوالات کو جواب دے کر ختم کر دیاہے۔
” پنک ولا“ کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں اداکارہ شلپا شیٹھی نے پہلی مربتہ اپنے فیصلے پر خاموشی توڑتے ہوئے بتایا کہ وہ ہمیشہ سے چاہتی تھیں کہ ان کے بیٹے ویان راج کا کوئی اور بہن بھائی بھی ہونا چاہیے جس کیلئے ہم نے کئی مرتبہ کوشش بھی کی لیکن میرا حمل ضائع ہو گیا کیونکہ مجھے قوت مدافعت سے متعلق بیماری لاحق ہے جسے ” اے پی ایل اے “ کہا جاتاہے۔
شلپا شیٹھی کا کہناتھا کہ ویان راج کے بعد مجھے لمبے عرصے سے ایک اور بچے کی خواہش تھی لیکن مجھے قوت مدافعت سے تعلق رکھنے والے بیماری لاحق ہو گئی جس کے باعث حمل ضائع ہو جاتا تھا جو کہ ایک سنگین مسئلہ تھا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں یہ کبھی نہیں چاہتی تھی کہ ویا ن اکیلا ہی رہے کیونکہ میں بھی اپنے ماں باپ کی اکیلی بیٹی تھی اس لیے مجھے احساس ہے کہ آپ پر اس کا کیااثر ہو تاہے۔
انٹرویو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ دوسرے بچے کیلئے گزشتہ پانچ سالوں سے کوشش کر رہے تھے تاہم آخر کار پھر ہم نے سوروگیسی کا طریقہ کار اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔