کنگ فہد لائبریری میں 11 سو برس قدیم قرآن پاک کا نسخہ موجود ہے

کنگ فہد لائبریری میں 11 سو برس قدیم قرآن پاک کا نسخہ موجود ہے
کنگ فہد لائبریری میں 11 سو برس قدیم قرآن پاک کا نسخہ موجود ہے

  

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کی کنگ فہد لائبریری میں 11 سو برس قدیم قرآن پاک کا نسخہ موجود ہے جسے چمڑے پر لکھا گیا ہے لائبریری کے احکام کا کہنا ہے کہ وہ قرآن پاک کے قدیم قلمی نسخوں کو جمع کرنے کا کام کر رہے ہیں.

کنگ فہد قومی لائبریری میں گیارہ سو برس قبل قرآن پاک کا ایسا نادر نسخۃ محفوظ ہے جو چمڑے پر لکھا ہوا ہے، یہاں قرآن پاک کا ایک اور نادر نسخہ بھی موجود ہے جو خط نسخ میں ہے، ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ دسویں صدی ہجری میں لکھا گیا ہوگا.

لائبریری کے سیکریٹری جنرل محمد بن عبدالعزیز الراشد نے بتایا کہ کنگ فہد قومی لائبریری قلمی نسخوں کے تحفظ پر کام کررہی ہے، افراد اور اداروں کے یہاں محفوظ قلمی نسخوں کا اندراج بھی کیا جارہا ہے، کنگ فہد قومی لائبریری سعودی عرب کے مختلف علاقوں کی لائبریریوں میں موجود اصلی قلمی نسخوں کا ڈیٹا بھی تیار کر رہی ہے، اس حوالے سے اچھا خاصا کام کر لیا گیا ہے.

کنگ فہد قومی لائبریری قلمی نسخوں کے مالکان کو قلمی نسخے سینیٹائز کرنے کی سہولت بھی مہیا کررہا ہے، ایسا کرنے سے قلمی نسخے کی عمر بڑھ جاتی ہے، لائبریری اس قسم کے نسخوں کا باقاعدہ دستاویزی کارڈ بھی جاری کرتی ہے.

الراشد نے بتایا کہ کنگ فہد قومی لائبریری 73 ہزار قلمی نسخوں کی فوٹو کاپیاں بھی جمع کرچکی ہے جبکہ اس کے یہاں 6 ہزار نایاب دستاویزات کا خزانہ بھی محفوظ ہے، کنگ فہد قومی لائبریری کئی برس سے قلمی نسخے اور دستاویزات جمع کروانے کی مہم چلائے ہوئے ہے، لائبریری میں 90 ہزار نایاب قلمی نسخے محفوظ کئے جا چکے ہیں، کنگ فہد قومی لائبریری 1983 میں سعودی دارالحکومت ریاض میں قائم کی گئی تھی.

مزید :

عرب دنیا -