ترکی اتحادی ممالک سے مدد کیوں مانگ رہا ہے؟
انقرہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)انقرہ نے اپنے عالمی اتحادیوں سے کی اپیل کی ہے کہ وہ ترکی کی کرنسی لیرا کی مسلسل گرتی قیمتوں کو مستحکم کرنے اور موجودہ معاشی بحران سے نکلنے کے لیےاس کی مدد کریں۔
العربیہ کے مطابق تین سینیر ترک عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انقرہ حکومت کو خدشہ ہے کہ اقتصادی بحران کے نتیجے میں ترک کرنسی لیرا کی قدر مزید زوال پذیر ہوسکتی ہے اس لیے وہ اس حوالے سے اپنے اتحادی ممالک سے فنڈز اکٹھا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترک وزارت خزانہ اور مرکزی بینک کے عہدیداروں نے حالیہ دنوں میں جاپان اور برطانیہ کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ کرنسی تبادلہ پہر بات چیت کے ساتھ قطر اور چین کے ساتھ ترکی کو دی گئی سہولیات میں اضافے کی بات کی ہے۔ترکی کی حکمراں جماعت 'آق' کے نائب صدر،جودت یلماز نے جمعرات کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ترکی کرنسی کے تبادلے کے معاہدوں کا خواہاں ہے۔
انہوں نے پینل میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کرنسی کے تبادلے کے مواقع کے سلسلے میں نہ صرف امریکا بلکہ دوسرے عالمی اتحادیوں سےبھی بات چیت کررہےہیں۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
یہ پیش رفت گذشتہ ہفتے ترک لیرا کی ریکارڈ کم ترین سطح پر آنے کے بعد سامنے آئی ہے۔
ایک ترک عہدیدار نے رائیٹرز کو بتایا کہ ان مذاکرات کے بعد ترکی نے نے اطمینان محسوس کیا ہے لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ ایسے وقت میں معاہدوں کو کب تک حتمی شکل دی جاسکتی ہے۔