"کنیز معظم رعایا آپ کی شکرگزار ہے کہ۔۔۔"مریم نواز کا ارطغرل سے موازنہ کرنے پرحنا پرویز کے ساتھ کیاہوا؟

"کنیز معظم رعایا آپ کی شکرگزار ہے کہ۔۔۔"مریم نواز کا ارطغرل سے موازنہ کرنے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پی ٹی وی پر دکھائے جانے والے ترک ڈرامہ سیریل کے پاکستان بھرمیں چرچے ہورہے ہیں۔ اس ڈرامے پر تبصرہ کرنے والوں میں مسلم لیگ نون کی رہنما اوررکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ کے ایک دعویٰ نے سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کا انبار لگادیا ہے۔ اور صارفین وہ سب کہہ رہے ہیں جس کی شاید حنا کو توقع بھی نہ ہوگی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر حنا پرویز نے لکھا کہ "’آج کل میں ’ارطغرل غازی‘ دیکھ رہی ہوں اور مریم نواز ارطغرل جیسی قائدانہ صلاحیتوں کی مالک ہیں‘۔انہوں نے مزید لکھا کہ ارطغرل کی خوبیوں یعنی اپنے خدا پر مضبوط ایمان، حوصلہ، بہادری، بدترین حالات میں بھی ہمت نہ ہارنا، اچھے اور برے لوگوں کی پہچان، سب لوگوں کی مخالفت کے باوجود اپنے مقصد پر کھڑے رہنا جیسی خوبیوں کی مریم نواز بھی مالک ہیں"۔

حنا پرویز کو شاید اندازہ نہیں تھا کہ ان کا یہ دعویٰ سوشل میڈیا صارفین خصوصا مخالف جماعتوں سے وابستگی رکھنے والوں پر بجلی بن کر گرے گا۔ جیسے ہی ان کا ٹویٹ سامنے آیا صارفین نے اس دعوی کا پوسٹ مارٹم کرنا شروع کردیا۔

ایک صارف وسیم رضانے لکھا "کوئی شہباز شریف جیسا چچا بھی ہے ارتغرل کا جو بیک ڈور “طاقتور حلقوں” کے ساتھ ڈیل بھی کرتا ہو؟"

عدیل راجہ نے پوچھا کیا واقعی ارطغرل تھا؟ کہیں منی ہیسٹ تو نہیں دیکھ لیا؟

شمائل نے پوچھا یہ سب کرنے کا کتنا معاوضہ ملتا ہے؟

زید چٹھہ نے لکھا"ارتغل ڈرامے میں مریم کا کردار ارتغل غازی جیسا نہیں بلکہ یہ العزیز امیر حلب کی معشوقہ اسماء کا سا ہے جو ناصر اور ٹائٹوس صلیبیوں کی بھیجی گئی ہے۔"


ہلکا ہلک نے لکھا "یہ ٹویٹ مریم نے اپنی اس غلام کے اکاؤنٹ سے خود کی ہے۔نہ تو ارطغرل نے کیلیبری ایجاد کیا، نہ جعلی ٹرسٹ ڈیڈ بنوائی، نہ میڈیکل کالج سے سیلف فائنانس کی سیٹ پر باہر ہوا، نہ قطریوں سے تعلق، نہ ہی وہ جھوٹا اور مکار، نہ ہی وہ کبھی گیرج گیا۔۔وہ کائی قبیلہ مریم کھائی  قبیلہ پھر کیسی مماثلت؟"

لوگوں کی شدید تنقید پر حنا خود بھی خاموش نہیں رہیں، انہوں نے ایک اور ٹویٹ داغا کہ "میں نے مریم بی بی کے بارے میں ایک ٹویٹ کیا کر دی کچھ لوگوں کو جیسے مرچیں لگ گئیں۔میں ان لوگوں کی تکلیف سمجھ سکتی ہوں۔انشا اللہ ایک وقت آئے گا جب مریم نواز وزیراعظم بنیں گی تو ان لوگوں کی تکالیف میں مزید اضافہ ہوگا۔۔مریم نواز ہمارا فخر ہیں"

حنا کے ردعمل پر جواب دیتے ہوئے شعیب خٹک نے جواب دیا کہ "کنیزِ مُعظم رعایا آپ کی شُکر گزار ہے کہ آپ نے ہمیں اجتمائی قہقہوں کا موقع فراہم کیا۔ یہ بتائیں سلطنتِ رائے ونڈ کے کھاؤ قبیلے کی شہزادی کیلبری فونٹ کی موجد مریم خاتون اپنے والدِ محترم کردوغلو شریف کے پاس سلطنتِ برطانیہ فتح کرنے اپنے پٹواری جنگجوؤں کے ہمراہ کب پیش قدمی کریں گی۔؟"

امیر عباس نے لکھا "میں سو سے زائد قسطیں دیکھ چکا ہوں۔ کسی ایک قسط میں بھی میں نے یہ نہیں دیکھا کہ ارطغرل یا اسکے والد سلیمان شاہ کا سامنا کرپشن جیسے الزامات سے ہو بلکہ انکا سامنا ظالم قوتوں سے ہے اور جیسے مریم مصلحت کیلئے خاموش ہو جاتی ہیں ارطغرل ایک لمحے کیلئے بھی کسی ظلم کے سامنے خاموش نہیں ہوا"


سوشل میڈیا پر نہ ختم ہونے والی یہ بحث تاحال جاری ہے اور شاید اگلی کسی ایسی ہی ٹویٹ تک جاری رہے گی۔