وزیر اعظم سے ایم کیوایم کے وفد کی ملاقات ،عمران خان نے ایسی یقین دہانی کروا دی کہ پیپلز پارٹی کی قیادت سر جوڑ کر بیٹھ جائے گی

وزیر اعظم سے ایم کیوایم کے وفد کی ملاقات ،عمران خان نے ایسی یقین دہانی کروا ...
وزیر اعظم سے ایم کیوایم کے وفد کی ملاقات ،عمران خان نے ایسی یقین دہانی کروا دی کہ پیپلز پارٹی کی قیادت سر جوڑ کر بیٹھ جائے گی

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کراچی کی تعمیر وترقی سے وابستہ ہے، ماضی میں سندھ کے عوام کے مسائل کونظر انداز کیا جاتا رہا ہے، کراچی کی عوام اور تاجر برادری کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے، کر اچی کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے وفاقی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد نے وزیر اعظم عمران خان سے تفصیلی ملاقات کی، ایم کیو ایم کےوفد میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق اور ممبران قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان، صلاح الدین، عثمان قادری اور صابر حسین قائم خانی شامل تھے، ملاقات کے دوران صوبہ سندھ کی مجموعی صورتحال، کراچی، حیدرآباد اور اندرون سندھ سے متعلقہ عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان اتحادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفد نے کورونا وائرس کی صورتحال کی روک تھام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں وزیرِ اعظم پاکستان کے ویژن اور اقدامات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کورونا کی روک تھام اور ریلیف کے حوالے سے حکومتی کاوشوں کو مکمل سپورٹ کرتی ہے اور اس سلسلے میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔وفد نے کراچی کی ترقیاتی ضروریات، لوکل گورنمنٹ کو بااختیار اور موثر بنانے کی ضرورت اور دیگر معاملات سے وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کی ترقی کراچی کی تعمیر وترقی سے وابستہ ہے،ماضی میں سندھ کے عوام کے مسائل کونظر انداز کیا جاتا رہا ہے، کورونا کی وجہ سے کراچی کی عوام اور تاجر برادری کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے ۔کورونا کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح غریب عوام کی سہولت اور انکو آسانیاں فراہم کرنا ہے،ہماری بدقسمتی رہی ہے کہ ماضی میں عام آدمی کی بجائے اشرافیہ اور ایک مخصوص طبقے کو مدنظر رکھ کر پالیسی سازی کی جاتی رہی ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبہ سندھ اور خصوصا کراچی کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے وفاقی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری ترجیح سندھ کے عوام ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -