سوتیلی ماں بیٹی کی شادی میں ایسا لباس پہن کر آگئی کہ دولہا بھی حیران پریشان رہ گیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں سوتیلی ماں اپنی بیٹی کی شادی میں ایسا لباس پہن کر آ گئی کہ دلہن کی خوشی غارت کرکے رکھ دی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس دلہن نے ویب سائٹ Redditپر بتایا ہے کہ اس کی شادی کی تقریب میں اس کی سوتیلی ماں اس کے جیسا ہی عروسی لباس پہن کر آ گئی گویا شادی دلہن کی نہیں اس کی سوتیلی ماں کی ہو۔ لڑکی نے بتایا کہ جب شادی سے قبل اس نے کہا کہ وہ بھی عروسی جوڑا پہن کر تقریب میں آئے گی تو میں نے اس کی یہ بات مذاق سمجھی لیکن جب وہ واقعی سفید لیس دار عروسی جوڑا پہن کر آ گئی تو تمام مہمان ہکا بکا رہ گئے اور میرا زندگی کا بڑا دن اس نے غارت کر دیا۔
دلہن نے بتایا کہ ”میری سوتیلی ماں عروسی لباس پہن کر ہمہ وقت میرے آس پاس ہی رہی، تاکہ وہ میرے ساتھ ہر تصویر میں آ سکے۔ ایک لمحے پر کیمرا مین نے خود اسے ایک طرف ہٹنے کو کہا اور یہ وہ وقت تھا جب میری چند تصاویر میری سوتیلی ماں کے بغیر بن پائیں۔ہم نے ولیمے کی تقریب کورونا وائرس کی وباءکے خاتمے کے بعد تک کے لیے ملتوی کر رکھی ہے اور جب بھی ہمارا ولیمہ ہو گا میں اپنی سوتیلی ماں کو اس میں شرکت کی دعوت نہیں دوں گی۔“ دلہن کی اس پوسٹ پر سینکڑوں صارفین اس کی ماں کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ اکثر لوگوں کا کہنا ہے کہ خاتون نے انتہائی احمقانہ حرکت کی۔ اس نے خود توجہ کا مرکز بننے کے لالچ میں اپنی بیٹی کی خوشیاں غارت کر دیں۔