تحریک انصاف کے اہم کارکن کا کورونا کے باعث انتقال ، وزیراعظم عمران خان بھی غمزدہ ہو گئے ، پیغام جاری کردیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے کارکن اور سابق ڈسٹرکٹ ممبر پشاور زاہد حسین مہمند کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے، وزیراعظم عمران خان سمیت پی ٹی آئی قیادت کا اظہار افسوس ۔
تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنےٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے اپنے ساتھ زاہد مہمند کی ایک تصویر شیئر کی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک نوجوان کارکن زاہد مہمند کو کھو دیا ہے، پی ٹی آئی کارکن کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ زاہد نے پشاور میں نچلی سطح پر ہماری پارٹی کو منظم کرنے کا کام کیا،میری تعزیت اور دعائیں ان کے اہل خانہ سے ہیں۔آخر میں انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی ایس او پی پر عمل کریں اور ماسک پہنیں۔
دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے زاہد حسین مہمند کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ زاہد حسین مہمند جیسے دیرینہ اور مخلص کارکن کی رحلت گہرے دکھ اور تکلیف کا باعث ہے۔وزیر خارجہ نے مرحوم زاہد حسین مہمند کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ،آمین۔
سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے بھی زاہد حسین مہمند کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث آج پاکستان تحریک انصاف نے ایک بے لوث نوجوان کارکن کھو دیا۔ زاہد مہمند تحریک انصاف کے ایک سرگرم کارکن تھے،آج پی ٹی آئی ایک مخلص کارکن سے محروم ہوگئی،میری دعائیں اور ہمدردیاں انکے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔اللہ مرحوم کو مغفرت نصیب فرماِ آمین۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ انتہائی قریبی ساتھی، تحریک انصاف کا جواں سالہ جاں نثار، سابق ضلعی ممبرپشاور اور میرے کلاس فیلو زاہد مہمند کورونا کی وجہ سے اللہ کو پیارے ہوگئے، اللہ تعالی دوست کے خاندان اور پیاروں کو صبرجمیل عطا کریں آمین
وباء کے باعث آج ہم نے ایک بے لوث نوجوان کارکن زاہد مہمند کھو دیا۔ زاہد نے پشاور میں ہماری جماعت کو نچلی ترین سطح تک منظم کرنے کیلئے کام کیا۔ میری دعائیں اور ہمدردیاں انکے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ سب حفاظتی تدابیر اپنائیں اور ماسک کا استعمال اپنا معمول بنائیں pic.twitter.com/FA6xqXN2W3
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 15, 2021