ہم سیاسی مداخلت نہ کرنیوالی فوج کو سلام پیش کرتے ہیں:سعید غنی

  ہم سیاسی مداخلت نہ کرنیوالی فوج کو سلام پیش کرتے ہیں:سعید غنی

  

     کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ صدر پیپلز پارٹی سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ 15مئی کو ائیرپورٹ ٹرمنل ون (اولڈ ائیرپورٹ) پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا اور وہاں جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ ہم سیاسی مداخلت نہ کرنے والی فوج کو سلام پیش کرتے ہیں۔ الیکشن کروانے کا آئینی اختیار اب شہباز شریف کے پاس ہے، جب مرضی الیکشن کرائیں گے، عمران ڈکٹیشن نہ دے، کیونکہ مدت اسمبلیوں کی ہوتی ہے، وزیر اعظم کی نہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ اسمبلی 2023 تک کی اپنی مدت پوری کرے۔عمران نیازی اس ملک کی معیشت کی بربادی کی وجہ ہے اور اس وقت یہ ملک کے لئے سب بڑی تھریڈ ہے۔عوام کسی پاگل شخص کے پیچھے چل کر اس ملک اور معیشت کو نقصان نہ پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز اپنے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

 اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، سردار نزاکت، راشدخاصخیلی، محمد آصف خان، سردار خان اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے کارکنوں کا اصرار تھا کہ ہم اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ان کی جمہوری طور پر نالائق، سلیکٹیڈ وزیر اعظم اور ان کی حکومت کو گھر بھیجنے پر ان کا پرتپاک استقبال کریں۔ سعید غنی نے کہاکہ ہم نے 22 پھر 23 اور بعد ازاں 24 اپریل کو یہ استقبال کرنا تھا تاہم کچھ وجوہات پر یہ پروگرام نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ اب 15 مئی بروز اتوار کو شام 5 بجے، اولڈ ٹرمینل پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نہ صرف پرتپاک استقبال کیا جائے گا بلکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس موقع پر خطاب بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی کرسیاں پنڈال میں نہیں لگائی ہیں کیونکہ ہمیں امید ہے کہ عوام کا ایک جم گفیر اس استقبال میں وہاں پہنچیں گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کراچی ڈویژن اور کراچی کے تمام ڈسٹرکٹ اور ذیلی تنظیموں کی جانب سے بھرپور تیاریاں کرلی گئی ہیں اور گرمی کے پیش نظر پانی کی سبییلں، پیپلز ڈاکٹرز فورم کراچی کے تحت طبی کیمپ، ڈاکٹرز اور ایمبولنس بھی موجود رہیں گی جبکہ شہر بھر میں استقبالیہ کیمپ بھی منعقد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے اس بار ڈسٹرکٹ کی بجائے سٹی کی سطح پر جلوس وہاں پہنچیں گے اور 42 ڈسٹرکٹس سے یہ جلوس اولڈ ٹرمینل پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دن اور جلسہ کے دوران عمران نیازی کی جانب سے جس طرح کی باتیں اور بالخصوص موجودہ حکومت کی بجائے ایٹم بم سے ملک کو اڑانے جیسی باتیں میرے اس موقف کی تائید کرتی ہیں، جس کا اظہار میں کئی ماہ سے کرتا رہا ہوں کہ عمران نیازی کا نہ جغرافیہ درست اور نہ ہی اس کا ذہنی توازن ٹھیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کے بیان وہ اس وقت دے رہا ہے وہ اس ملک کی معیشت کی تباہی اور ملک کیلئے کسی تھریڈ سے کم نہیں ہے۔

سعید غنی 

مزید :

صفحہ اول -