شریف فیملی کے شوگر ملز سے چینی 70روپے کلو فروخت کرنیکا فیصلہ

شریف فیملی کے شوگر ملز سے چینی 70روپے کلو فروخت کرنیکا فیصلہ

  

      لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف چینی کی قیمت میں کمی کیلئے متحرک ہوگئے، حمزہ شہباز نے تمام شوگر ملز کو چینی 70 روپے فی کلو میں فروخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ شریف فیملی کی ملکیتی تمام شوگر ملوں سے چینی 70 روپے کلو کے حساب سے فروخت کی جائیگی۔وزیر اعلی پنجاب کی ٹیم نے شوگر ملز ایسوسی ایشن سے مذاکرات ہوئے جس میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ حمزہ شہباز نے تمام شوگر ملوں کو چینی 70 روپے کلو فروخت کرنے کی تلقین کردی۔اس حوالے سے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو حتمی فیصلے کے لئے 24 گھنٹے کا وقت دے دیا گیا ہے، شریف فیملی کی شوگر ملز سے چینی 70 روپے فی کلو میں دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

شوگرملز

لاہور(جنرل رپورٹر،نامہ نگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہاہے کہ عمران نیازی کی غلط فہمی ہے کہ وہ ہم پر دباؤ ڈال سکے گاہم یا تو اللہ کے احکامات کا پریشر لیتے ہیں یا عوام کاپریشر لیتے ہیں۔ عمران نیازی آئین کو نہیں مانتے، عدالتی فیصلوں کو نہیں مانتے، اداروں کامذاق اڑاتے ہیں،میں  خبردار کرتا ہوں کہ عمران نیازی آپ کیخلاف باقاعدہ ثبوت موجود ہیں،جب قانون حرکت میں آئے گا تو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی- قانون کو حرکت میں لاکرآپ کو قانون کا احترام کاسبق سکھائیں گے۔مسلم لیگ(ن) آپ کی طرح انتقام نہیں لے گی،عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہبازنے کہاکہ عمران نیازی آپ نے اپوزیشن کو ناحق جھوٹے مقدموں میں ڈالا۔ پھر میں کہتاہوں ہم انتقام نہیں لیں گے لیکن جب قانون حرکت میں آئے گا تو تمہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ لوڈشیڈنگ کو ہم پوری طرح کنٹرول کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ یہ وہ لوڈشیڈنگ کا جن ہے جس کو ہم نے بوتل میں بند کردیا تھا اس حکومت کی چارسال کی نااہلیاں سامنے آرہی ہیں۔ ہم دن رات ایک کریں گے اورانشاء اللہ لوڈشیڈنگ اورمہنگائی کو ختم کریں گے کیونکہ ہم صرف عوام کی خدمت کی نیت سے آئے ہیں۔سیالکوٹ میں مسیحی برادری کی گراؤنڈ پر پی ٹی آئی کے جلسے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے  جواب میں وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہاکہ میں آج پنجاب کی عوام کو بالخصوص یہ بتانا چاہتاہوں کہ ہماری انتظامیہ نے تین گھنٹے رات کوان کے ساتھ مذاکرات کیے کیونکہ مسیحی برادری کے تحفظات ہیں کہ جس جگہ پر جلسہ ہورہاہے وہ نجی جگہ ہے- انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو کہاکہ آپ کسی اور جگہ جلسہ کرلیں ہم اجاز ت دے دیتے ہیں جس ہٹ دھرمی سے انہو ں نے اسلام آ باد کی جانب لانگ مارچ کیا اوردھرنا دیا،یہی ہٹ دھرمی سیالکوٹ میں نظر آئی-عمران نیازی خون خرابا چاہتے ہیں اور شیخ رشید خونی مارچ کی بات کرچکے ہیں - وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں جمہوریت پسند ہوں، میں نے جیلیں کاٹی ہیں، میری پارٹی قیادت نے جیلیں کاٹی ہیں لیکن عمران نیازی ہم تمہیں آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے اور قانون کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں ملے گی۔ سیالکوٹ میں کہیں اور جلسہ کرلیں کیونکہ آپ کے اس اقدام سے مسیحی برادری ناراض ہے او ر ان کے جذبات اشتعال کا شکارہیں،اگر خدانخواستہ کوئی افسوسناک واقعہ ہوگیا تو ذمہ دارکون ہوگا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہاکہ پاکستان آج  دوراہے پر کھڑا ہے، ملک کیلئے لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دی ہیں ان کی روحیں ہم سب سے تقاضا کررہی ہیں کہ سب کو ہوش کے ناخن لینا ہوں گے-اس ملک کو بچانا ہوگا، معیشت وینٹی لیٹر پر ہے اورمعیشت دباؤ کا شکار ہے او ریہ سب عمران نیازی کی نااہلی کا کیا دھرا ہے- عمران نیاز ی کی بدتمیزی اوربداخلاقی نے قوم میں ا نتشار پیدا کردیاہے،موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرناہوگا۔پاکستان کے تمام ادارے قابل احترام ہیں اورپاک فوج پاکستان کی سلامتی کی ضامن ہے،وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں نے بدترین انتقام کا سامنا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ لندن میں ملک و قوم کے لئے اچھے فیصلے ہو رہے ہیں،میں نے کمر کس لی ہے -میں خود ہر جگہ جاؤں گا اور مہنگائی کے خلاف جہاد کریں گے اور عام آدمی کو ہر ممکن ریلیف دینے کی کوشش کریں گے-انہوں نے کہا عمران نیازی کے جھوٹ ختم ہونے کا وقت آ گیا ہے۔سابق حکومت نے ہمارے صاف پنجاب کا برا حال کرکے چھوڑا، چھوٹے شہر اور قصبے سے لے کر بڑے شہر صاف ستھرے نظر آنے چاہئیں، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں  ڈلیور کرکے دکھائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبے میں صفائی انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے شہروں، قصبوں اور دیہات کی پائیدار صفائی کیلئے کمشنرز سے ڈیڈلائن طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت نے ہمارے صاف پنجاب کا برا حال کرکے چھوڑا۔ چھوٹے شہر اور قصبے سے لے کر بڑے شہر صاف ستھرے نظر آنے چاہئیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت صوبے کو ایک بار پھر صاف ستھرا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ برداشت نہیں کرسکتا کہ میرے بہن بھائی گندے ماحول میں رہیں۔  افسران خود فیلڈ میں نکلیں اور وزٹ کرکے عوامی مسائل اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیں۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں  ڈلیور کرکے دکھائیں، صفائی پر کمپرومائز نہیں ہوگا۔ صوبے بھر میں مستقل صفائی ستھرائی کیلئے فول پروف میکانزم وضع کیا جائے۔ عملے اور موجودہ وسائل کو پوری طرح استعمال میں لایا جائے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے ایم پی اے منشاء اللہ بٹ کی ملاقات،سیالکوٹ اور ٹریفک مسائل کے حل اور صفائی انتظامات کو بہتر بنانے کا حکم، شہاب پورہ اوورہیڈ برج کے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے: وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے سیالکوٹ میں ٹریفک مسائل کے فوری حل اورصفائی انتظامات کو بہتر بنانے کا حکم دے دیا ہے۔ 

وزیراعلی حمزہ شہباز

مزید :

صفحہ اول -