میرے قتل کی سازش ہو رہی ہے،ویڈیو ریکارڈ کرادی،مجھے کچھ ہوا تو عوام کے سامنے لائی جائیگی:عمران خان

میرے قتل کی سازش ہو رہی ہے،ویڈیو ریکارڈ کرادی،مجھے کچھ ہوا تو عوام کے سامنے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


     سیالکوٹ (بیورورپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک) چیئر مین  پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بند کمروں میں مجھے قتل کرنے کی  سا ز ش ہورہی ہے،جسکا مجھے پہلے سے ہی علم تھا،اس لئے میں نے ممکنہ ذمہ داروں کے ناموں کیساتھ ویڈیو ریکارڈ کراکے محفوظ جگہ پر رکھوا دی ہے، تاکہ لوگوں کو پتا چل سکے کون کون میرے خلاف سازش کررہے تھے، یہ سمجھتے ہیں میں ان کی راہ میں رکاوٹ ہوں، راستے سے ہٹایا جائے،گذشتہ روز سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا اے اللہ تیری عبادت کرتے ہیں اورتجھ سے ہی مدد مانگتے ہیں، کسی انسان یاکسی سپرپاورکے آگے نہیں جھکتے، ہم دنیا کے سب سے عظیم لیڈر حضرت محمدؐ ؐکی امت ہیں،جب مسلمان کسی کے سامنے جھکتا ہے تو وہ سب سے بڑا شرک ہے، انہوں نے کہانوازشریف جتنے بزدل تم اتنی ہی تمہاری پارٹی ہے، ہماری حکومت نے ایک دفعہ بھی ان کے جلسے،لانگ مارچ روکنے کی کوشش نہیں کی، ہرتین ماہ بعد یہ ہماری حکومت گرانے آتے تھے، تمہارے ساتھ ملک کی بڑی بیماری زرداری بھی تھا۔انہوں نے کہا حکومت نے سازش کر کے ہمیں بڑ ے میدان میں جلسہ نہیں کرنے دیا، نواز شریف نے زندگی میں کوئی ایک کام ایمانداری سے نہیں کیا، اور اپنی بیماری کی ایسی اداکاری کی کہ لگتا تھا ابھی مرجائیگا، مگر جیسے ہی جہاز کی سیڑھیاں دیکھیں تو فوراً اس میں جا کر بیٹھ گیا۔ عمران خان نے کہاشریف اور زرداری خاندان نے تیس سال حکومت کی، ہمیں صرف ساڑھے تین سال اقتدار ملا، شہباز شریف کہتا ہے، پاکستانی بھکاری ہیں، اسلئے انہیں امریکی غلامی کرنی پڑیگی۔وز یر دفاع خواجہ آصف پر تنقید کرتے ہوئے انہیں خواجہ وینٹی لیٹر قرار دیتے ہوئے کہا اس ملک کو وینٹی لیٹر پر تم نے ڈالا ہے، ہم نے تو صرف ساڑھے تین سال ملک میں حکومت کی، تم لوگ یہاں سے پیسہ لوٹ لوٹ کر باہر لے گئے ہو۔ آج تک دنیا کی تاریخ میں کبھی کوئی انقلاب کو نہیں روک سکا، یہ سیاست نہیں ہورہی یہ انقلاب آرہا ہے، اور اسے نواز شریف روک سکتے ہیں، نہ شہباز شریف، نہ ان کا بیٹا، نہ ہی وزیر داخلہ، اس انقلاب کو اب دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ جب ہم اسلام آباد پہنچیں گے تو پر امن رہیں گے، اگر تم نے روکنے یا انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو تمھیں پورے پاکستان میں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، عمران خان نے عمرڈار اور عثمان ڈار، دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا،قبل ازیں عمر ڈار اور عثمان ڈار نے بھی جلسہ سے خطاب کیا۔قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ٹوئٹ میں کہا جو امپورٹڈ حکومت نے سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کی قیادت اورکارکنوں کیساتھ کیا وہ اشتعال انگیز ضرورہے لیکن غیرمتوقع نہیں تھا،ان کا لندن میں بیٹھا سزا یافتہ مافیا باس مخالفین کیخلاف فاشسٹ حربے استعمال کرتا ہے، کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے جلسے کیلئے سیالکوٹ جاؤں گا،یہ جب اقتدار میں تھے تو سپریم کورٹ پردھاوا بولا‘ ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کیا‘ ججوں کورشوت دی، نواز شریف نے خود کو امیر المومنین قراردینے کی کوشش کی لیکن لوگ اب ان کیخلاف کھڑے ہوگئے ہیں،تمام لوگوں سے کہتا ہوں کہ وہ عشا کی نماز کے بعد اس فاشسٹ امپورٹڈ حکومت کیخلاف اپنے شہروں اورعلاقوں میں احتجاج کریں۔ یہ جرائم پیشہ عناصر کا جتھہ ہے جو ضمانت پرباہر ہے۔ ہماری حکومت نے کبھی ان کے جلسے، دھرنے اورریلیاں نہیں روکیں کیونکہ ہم جمہوریت پسند ہیں۔ 
عمران خان 

سیالکوٹ، اسلام آباد (بیورو رپورٹ،نیوز ایجنسیاں) ضلعی انتظامیہ  نے پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ بارہ پتھر کوالٹ دیا،  سیالکوٹ میں پولیس نے جلسے کی تیاریوں میں مصروف پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں پر دھاوا بول دیا، پولیس کا لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی، عثما ن ڈار‘ عمر ڈار اور علی اسجد ملہی سمیت درجنوں رہنما اور کارکنان گرفتارکر کے اسٹیج سے کرسیاں ہٹا دیں،پی ٹی آئی کارکنوں کو جلسہ گاہ سے بھی باہر نکال دیا، پنڈال کو آنیوالے راستے کنٹینر لگا بند کر دئیے گئے، تاہم کارکن اور قائدین انتظامیہ کی لائی کرینوں کے سامنے لیٹے رہے،پولیس نے پی ٹی آئی قیادت کی تصاویر پر مبنی فلیکسز بھی ہٹا دیں جس سے حالات کشیدہ ہو گئے، عثمان ڈار، صاحبزادہ حامد رضا سمیت متعدد قائدین کو جلسہ وہیں پر کرنے کی ضد پر گرفتار کر لیا، چند گھنٹوں بعد ضمانت پر رہاکر دیا گیا،پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ضلع کچہری اور جلسہ گاہ میں شدید احتجاج گیا، تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے بارہ پتھر سی ٹی آئی گراونڈ میں ہونیوالے جلسہ کے انتظامات کوالٹا دیا، تحریک انصاف کے جلسہ کی تمام تر تیاریاں مکمل ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے جلسہ سے ایک روز قبل جلسہ کی اجازت سے فقط اسلئے انکارکر دیا کہ گراونڈ پرائیویٹ ہے اور مسیحی برادری کے سکول کی انتظامیہ جلسہ ہونے پر اعتراض و احتجا ج کر رہی ہے، اس موقع پرانتظامیہ اور پی ٹی آئی کارکنوں کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، تاہم پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے پر امن احتجاج کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے جلسہ گاہ کی جگہ کو تبدیل کرکے باہمی مشاورت کے بعد وی آئی پی گراونڈ میں جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کیا،جس پر کارکنوں کی بڑی تعداد جوش و خروش سے نئی جلسہ گاہ پہنچ گئی، کارکنوں نے کچہری چوک میں امپورٹڈ حکومت نا منظور کے نعرے بھی لگائے۔دریں اثناء سابق وفاقی وزیر و مرکزی رہنماشفقت محمود چودھری، چودھری اعجاز احمد، چوہدری منصور سرور خان،چوہدری سیف علی سرور خان،چودھری غلام عباس، فردوس عاشق اعوان اور دیگر نے پریس کانفرنس کے دوران انتظامیہ کی جانب سے جلسہ گاہ میں توڑ پھوٹ اور حکومتی ایماء پر کارروائیوں کی شدید مذمت کی اور اعلان کیا کہ جلسہ بھی ہوگااور عمران خان بھی سیالکوٹ ضرور آئیں گے، جلسہ کرنا پی ٹی آئی آئینی و جمہوری حق ہے۔ وی آئی پی کرکٹ گرانڈ میں جلسہ ہو گا۔پی ٹی آئی کے قائدین نے عثمان ڈار،صاحبزادہ حامد رضا، عمر ڈار، سعید احمد بھلی اور دیگر رہنماوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کی اور کہا ایسی کارروائیاں نہ رُکیں تو پہیہ جام اور لاک ڈاون ہوگا۔ ہمیں پْرامن رہنے دو ورنہ عمران خان کے سیالکوٹ پہنچنے کے بعد سارا جلسہ احتجاج کریگا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری نے سیالکوٹ میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جلسے روکنا، گرفتاریاں کرنا بھونڈی باتیں ہیں، عام انتخابات کی طرف بڑھنا چاہیے، سیالکوٹ کا جلسہ روکا تو ہر شہر میں جلسے، جلسوں کو نہیں روکا جاسکے گا۔ عمران خان کی حکومت میں پاکستان استحکام کی طرف جارہا تھا، امریکہ کے حکم پرسازش کے ذریعے رجیم چینج کر دی گئی، بڑے ڈاکومسلط کیے گئے یہ پاکستان کو سری لنکا بنا کر چھوڑیں گے۔ اسوقت ملک کے حالات اورلندن کی تصویروں کو دیکھیں، جب روم جل رہا تھا تونیروبانسری بجارہا تھا، لندن کی تصاویروں سے لگتا ہے پاکستان میں کوئی پرابلم نہیں، اسوقت پاکستان میں 2 وزرائے اعظم، 2 وزرائے خزانہ ہیں، سٹیٹ بینک کا گورنر ہی نہیں، پنجاب میں کابینہ نہیں اور جعلی وزیراعلیٰ موجود ہیں، پچھلے 9 دنوں میں ڈالر15روپے بڑھ چکا ہے،سٹاک مارکیٹ 3500 پوائنٹس گرچکی ہے، امریکہ کی خوش آمد کرنیوالی حکومت کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سے کچھ نہیں ملا، پاکستان کے عوام جعلی امپورٹڈ حکومت کیخلاف بغاوت کرچکے ہیں، کل انہوں نے ایک صحافی کو وزیر بنا دیا، یہ سمجھتے ہیں 8 سے 10 صحافیوں کوساتھ ملا کر رائے عامہ بدل دیں گے، پاکستان کے عوام عمران خان کے پیچھے کھڑی ہیں، رانا ثنا اللہ نے چرچوں کی زمینوں پر قبضے کیے، آشیانہ ہاؤسنگ چرچ کی زمینوں پربنی ہے، وزیر داخلہ کے دورمیں کرسچین کمیونٹی کے لوگوں کو زندہ جلایا گیا، نام نہاد وزیر دفاع، وینٹی لیٹر وزیر دو دفعہ گراؤنڈ میں جلسہ کر چکا ہے، مریم اورنگزیب مِس انفارمیشن کبھی کونسلر نہیں بن سکتیں، انہوں نے عمران خان اورباقی لیڈرشپ کے توہین مذہب کے مقدمات درج کروائے، آج پھرانہوں نے مذہبی کارڈ کھیلا، مسلم لیگ کی سیاست تھرڈ کلاس سیاست ہے۔ مسیحی برادری پْر امن کمیونٹی ہے انہیں مہرہ بنایا گیا، احتجاج میں سرکاری ملازمین شریک تھے جو دوسرے شہروں سے آئے۔ عمران خان کے مارچ کو روکنے کیلئے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں، قبل ازیں ایک انٹرویو میں فوادچوہدری نے کہا سازش کیوں نہیں روکی گئی اس پر اب بات کر نے کافائدہ نہیں،کوئی بھی حکومت مدت پوری نہیں کرتی اس پر سب کو سوچنا ہو گا۔ادھرپی ٹی آئی رہنما اورسابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا حکومت ہوش کے ناخن لیں، قانونی اور آئینی فیصلے کرے، سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کارکنوں پر لاٹھی چارج اور ان کی بلاجواز گرفتاریوں کے حوالے سے انہوں نے کہا پرامن احتجاج کے آئینی حق سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پنجاب میں ہمارا پہلا جلسہ منعقد نہیں ہو رہا، ہم نے اٹک، جہلم، میانوالی میں پر امن جلسے منعقد کیے، خیبر پختونخوا اور سندھ میں بھی ہمارے جلسے دیکھے ہیں۔ ہم نے پرامن رہتے ہوئے اور قانون اور ضابطے کی پاسداری کرتے ہوئے تمام جلسے منعقد کیے ہیں ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جو آگ کو بھڑکانے کی کوشش کی جا رہی ہے وہ صرف سیالکوٹ تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورے پنجاب کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔قبل ازیں ریسکیو1122کے ضلعی ایمرجنسی آفیسر نوید اقبال نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے جلسہ سیالکوٹ سید پور روڈ کا دورہ کیا اور اس موقع پر انہوں نے کہا تحریک انصاف کا جلسہ سید پور روڈ پر کرکٹ گراونڈ میں منعقد ہو گا۔ ریسکیو 1122سیالکوٹ جلسہ میں میڈیکل کوریج مہیا کریگا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آ فیسر نے ریسکیو ٹیمیں بنا دیں ہیں جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت امدادی کاروائیوں کا آغاز کریں گی۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیر نگرانی ٹیمیں جلسہ گاہ میں اختتام تک موجود رہیں گیں۔ ایمبولینسز اور فائر وہیکلز بھی جلسہ گاہ میں موجود ہو ں گیں تا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بروقت کاروائیوں کا آغاز کیا جا سکے۔ ریسکیو ایمبولینس اور فائر وہیکل عمران خان کے قافلہ کیساتھ ہمہ وقت موجود رہیں گیں، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور ہنگامی پلان کو ترتیب دیااور ریسکیو پلان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ریسکیورز دوران ڈیوٹی ہجوم میں داخل نہ ہو اور محفوظ رہتے ہوئے ڈیوٹی سر انجام دیں۔دوسری طرف ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ محمد حسن اقبال کے ترجمان نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ وی آئی پی کرکٹ گراؤنڈ میں جلسہ کے انعقاد کیلئے بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔سابق وزیر اعظم عمران خان کو ان کے رتبے کے مطابق سکیورٹی مہیا کی جائے گی۔ سی ٹی آئی سکول میں جلسے کے انعقاد کو روکنا اقلیت کے مذہبی جذبات کو مجروح ہونے سے بچانا اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔
پولیس دھاوا

مزید :

صفحہ اول -