یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا،گھی اور دالیں نایاب،عوام مایوس لوٹنے لگے

یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا،گھی اور دالیں نایاب،عوام مایوس لوٹنے لگے

  

         لاہور (لیڈی رپورٹر)لاہور میں یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاء کی قلت معمول بن گئی۔ سستا آٹا، گھی اور دالیں نہ ملنے پر عوام مایوس لوٹنے لگے۔مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف نہ مل سکا،نئی حکومت میں بھی شہر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاء کی قلت کی برقرا ر ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈائز گھی کی دو روز سے سپلائی نہ ہو سکی۔ جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں سستے سٹورز پر گھی ختم ہو گیا۔سپلائی کھپت سے کم ہونے پر آٹے کی قلت بھی سر اٹھانے لگی۔ سٹورز سے دال چنا، دال مونگ، سفید چنے اور کالے چنے بھی ختم ہو گئے۔یوٹیلیٹی سٹورز انتظامیہ کا موقف ہے کہ آٹے کی فراہمی کچھ دیر میں شروع ہو جائے گی جبکہ پیر یا منگل تک گھی کی سپلائی کا آغاز بھی کر دیا جائے گا۔ اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے طوفان کے باعث گھر کا نظام چلانا مشکل ہو گیا ہے سابق دور میں تو مہنگائی تھی لیکن نئی حکومت کے آنے کے بعد چیزوں کا نہ ملنا ہمارے لئے باعث پریشانی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کو چاہیے کہ یوٹیلیٹی سٹورز سمیت عام مارکیٹوں میں مہنگائی کو کنٹرول کرتے ہوئے بنیادی اشیاء ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ ہمارے مسائل حل ہو سکیں۔عوام کا کہنا تھا کہ آٹا،چینی،گھی اور دالوں کے نہ ملنے سے ہمارے لئے شدید مسائل پیدا ہو جاتے ہیں 

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -