سیکرٹری صحت کے تین بڑے ہسپتالوں پر چھاپے،مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم

سیکرٹری صحت کے تین بڑے ہسپتالوں پر چھاپے،مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کا ...

  

        لاہور(جنرل رپورٹر)سیکرٹری سپیشلائزڈ، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر اسپتالوں کا قبلہ درست کرنے کیلئے کریک ڈاؤن شروع کردیا۔ گزشتہ روز سیکرٹری نے  سروسز، کوٹ خواجہ سعید اور نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ پر چھاپے مارے۔اس دوران ایڈیشنل سیکرٹریز عاصم الطاف اور ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف بھی ان کے ہمراہ تھے۔سیکرٹری صحت نے میڈیکل ایمرجنسی، سرجیکل ایمر جنسی، میڈیکل یونٹ، ریڈیالوجی ٹاور، اوپی ڈی اور پارکنگ ایریا کا دورہ کیا۔ مریضوں کی خیریت دریافت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔سیکرٹری سپیشلائزڈ،پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان  مریضوں میں گھل مل گئے اور ان سے مسائل دریافت کئے انہوں نے ایمرجنسی کے واش روم کا بھی معائنہ کیا سی ٹی سکین روم، میڈیکل وارڈ میں بھی گئے جہاں انہوں نے مریضوں سے پوچھا کہ کیا ان کو سرکاری طور پر ادویات اور برنولے مل رہے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ 50فیصد مل رہے ہیں اس موقع  پرپرنسپل سمزفاروق افضل اور ایم ایس ڈاکٹر عامر غفور مفتی نے سیکرٹری صحت کو تفصیلی بریفنگ دی۔بعد ازاں علی جان خان سمز بھی گئے اور مختلف شعبہ جات دیکھے۔ سیکرٹری صحت نے سمز میں 17 مئی کو ہونیوالے کانووکیشن کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ علی جان نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آیا جائے اور مریضوں کو ادویات اور ٹیسٹوں کے سلسلہ میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔سیکرٹری صحت کوٹ خواجہ سعید ہسپتال بھی گئے اور طبی سہولیات کا جائزہ لیاایم ایس ڈاکٹر اعجاز بٹ نے ہسپتال سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔سیکرٹری صحت نے ہسپتال میں دستیاب ادویات، میڈیکل ایکوپمنٹ اور دیگر سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں کئے گئے تمام انتظامات کو سراہا اور ایم آر آئی مشین کی جلد فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ قومی صحت کارڈ کے ذریعے داخل مریضوں کو دستیاب میڈیکل سہولیات سے متعلق بھی پوچھا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی، سٹاف کی وقت پر موجودگی اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنائیں۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ بھی گئے اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اوپی ڈی، ایمرجنسی، ڈائیلسز یونٹ، گائنی یونٹ اور پتھالوجی لیب گئے۔علی جان خان نے سی ٹی سکین کی ورکنگ کا بھی جائزہ لیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عارف نے سیکرٹری صحت کو ہسپتال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری صحت نے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔دورہ کے دوران سیکرٹری سے وائی ڈی اے کے پیٹرن چیف ڈاکٹر عاطف چودھری پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر یوسف بلانے بھی ملاقات کی۔انہوں نے سیکرٹری سے کہا کہ اگر وہ ہیلتھ ملازمین اور مریضوں کی بہتری کیلئے کام کریں گے تو ان کا ساتھ دیں گے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -