وکلاء شہریوں کے حقوق، آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کریں، سراج الحق 

وکلاء شہریوں کے حقوق، آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کریں، سراج ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں نے ماضی میں ایک دوسرے کو استعمال کیا۔ حکمرانوں نے ہمیشہ آئین کے تابع رہنے کی بجائے، آئین کو تابع کرنے کی کوشش کی ہے۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ عدلیہ، الیکشن کمیشن اور اسٹیبلشمنٹ غیرجانبدار رہیں۔ وکلاء سیاسی جماعتوں کیلئے استعمال نہ ہوں، شہریوں کے حقوق اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کریں۔ آزاد عدلیہ اور آزاد الیکشن کمیشن ہر پاکستانی کا مطالبہ ہے۔ آئین و قانون کی بالادستی کا قیام ترقی کا پہلا زینہ ہے۔ مافیاز نے سیاست کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ پی ٹی آئی 9برسوں سے خیبرپختونخوا میں، پی پی پی 14سالوں سے سندھ میں برسراقتدار ہیں، لیکن اندازِ حکمرانی میں کوئی فرق نہیں۔ ن لیگ پنجاب پر 10سال متواتر حکمران رہی، بتایا جائے عوام کے لیے کیا کام کیا۔ بلوچستان کے مسائل جوں کے توں، صوبہ میں بے چینی بڑھ رہی ہے، کسی حکومت نے وعدے پورے نہیں کیے۔ مہنگائی میں ناقابل برداشت اضافہ ہو چکا ہے۔ حکمران آج کے ہوں یا کل کے، سب تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ عوام نے سب کو آزما لیا، ثابت ہو گیا حکمران جماعتیں سٹیٹس کو کی محافظ ہیں۔ قوم حقیقی تبدیلی اور ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلامک لائرز موومنٹ پنجاب وسطی کی صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی صدر آئی ایل ایم توصیف آصف ایڈووکیٹ، صدر آئی ایل ایم پنجاب وسطی نعمان عتیق ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل آئی ایل ایم پنجاب وسطی اسعد جمال اکبر اور دیگر قائدین بھی موجود تھے، حکمران جماعتیں جاگیرداروں اور وڈیروں کے کلبز ہیں۔ حکمران اشرافیہ اپنے اثاثوں کو پاکستان لانے کے لیے تیار نہیں وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ضروری ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کرے گی، سود سے پاک معیشت، زرعی اصلاحات، یکساں نصاب تعلیم، انصاف سب کے لیے، روزگار اور صحت سمیت عوام کو دیگر بنیادی ضرورتوں کی فراہمی ممکن بنائیں گے۔ اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ دیا جائے گا، جماعت اسلامی اپنے انتخابی منشور اور نشان ترازو پر الیکشن لڑے گی۔
سراج الحق 

مزید :

صفحہ آخر -