ملک و قوم کے مفاد میں سیاسی بلوغت سے کام لیا جائے،میاں منظور وٹو 

 ملک و قوم کے مفاد میں سیاسی بلوغت سے کام لیا جائے،میاں منظور وٹو 

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل پبلک فورم کے چیئرمین سینئر سیاستدان میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ سیاسی لیڈر شپ کے بیانات میں جارحیت کا عنصر بڑھ رہا ہے۔اگر صبر و تحمل کے ساتھ دانشمندانہ فیصلے نہ کئے گئے تو سب کا نقصان ہو سکتا ہے۔ ملک و قوم کے مفاد میں سیاسی بلوغت سے کام لیا جائے لہٰذا تمام سیاسی و جمہوری قوتیں ایک ایک قدم پیچھے ہٹیں اور ملک کو سیاسی عدم استحکام سے نکالنے کیلئے نیشنل گریٹ ڈیبیٹ شروع کریں اور سیاسی درجہ حرارت کو کم سے کم سطح پر لایا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کے اینکرز، تجزیہ نگار اور سینئر صحافی سے اپیل ہے کہ وہ قومی مکالمہ کیلئے فضا سازگار بنائیں۔انہوں نے کہا کہ عوام اس وقت لوڈشیڈنگ، بیروزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے شدید تکلیف میں مبتلا ہیں اور کسان پانی کی کمی کی وجہ سے فکر مند ہیں۔ اگر پاکستان کا کسان اور زراعت پٹڑی سے اتر گئی تو سیاسی جھگڑے بہت پیچھے رہ جائیں گے۔ ذمہ داران سری لنکا کے حالات کا عمیق نظری سے جائزہ لیں اور بلاتاخیر مسائل کا حل ڈھونڈیں۔ سیاسی و جمہوری قوتیں 22کروڑ عوام کو مایوسی اور بے یقینی کے اندھیروں کے سپرد نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اقتدار آتے جاتے رہتے ہیں ملک اور ادارے ہمیشہ قائم رہنے کیلئے ہوتے ہیں۔ ادارے پاکستان اور نسلوں کے محافظ اور ان کی امانت ہیں۔

منظور وٹو 

مزید :

صفحہ آخر -