چند جلسوں سے مانگے تانگے کی سرکار کے اوسان خطا ہیں،کامل علی آغا
لاہور (جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ ''امپورٹڈ رجیم'' طاقت کے بل بوتے پر عوام کا راستہ نہیں روک سکتی، چند جلسوں سے مانگے تانگے کی سرکار کے اوسان خطا ہوگئے وہ گزشتہ روز مسلم لیگ ہاؤس میں پارٹی راہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے، سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ سیالکوٹ میں جلسہ روکنے کے لیے شرمناک ہتھکنڈے اختیار کیے گئے، ن لیگ کے دور میں سانحہ سمبڑیال ہوا جس میں زندہ مسیحی جلائے گئے، لاہور میں سانحہ جوزف کالونی ہوا جس میں بادامی باغ میں مسیحیوں کی رہائشی کالونی کی قیمتی جگہ پر قبضہ کرنے کیلئے درجنوں گھر جلائے گئے، قصور میں سانحہ باہمنی وال ہوا ن لیگ کے دور میں مسیحی عوام اور مشن کی قیمتی پراپرٹیز پر قبضے ہوئے ن لیگ والوں کے دل میں مسیحیوں کی مقدس جگہوں اور ان کے حقوق کا درد کیسے جاگ گیا؟ ہواس باختہ حکمران عوامی نفرت سے بچنے کے لیے بطور ہتھکنڈا اب مسیحی عوام کو ڈھال بنا رہے ہیں،محب وطن مسیحی عوام ن لیگ کے کسی ہتھکنڈے میں نہیں آئیں گے، انھوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسیحی عوام جانتے ہیں چوہدری پرویز الہٰی نے پاکستان مسلم لیگ کے دور حکومت میں اقلیتوں کو دوہرے ووٹ کا حق دلوایا،مسیحی عوام کے مشنری تعلیمی ادارے واپس دلوائے اور پنجاب حکومت میں بطور وزیراعلیٰ اقلیتوں کیلئے الگ وزارت قائم کی اور ہمیشہ مسیحیوں کی خوشی اور غم میں برابر شریک رہے۔
کامل علی آغا