فیصل آباد میں آج پی ٹی آئی جلسہ کیلئے سیٹج تیار، فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل 

فیصل آباد میں آج پی ٹی آئی جلسہ کیلئے سیٹج تیار، فول پروف سکیورٹی انتظامات ...

  

 

فیصل آباد(سپیشل رپورٹر) فیصل آباد کے تاریخی میدان دھوبی گھاٹ میں آج پی ٹی آئی کے جلسہ کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں کنٹینروں کی مدد سے ایک بڑا سٹیج تیار کرکے لائٹنگ وغیرہ کے انتظاما ت کئے گئے۔ جلسہ کیلئے پی ٹی آئی کے ضلعی صدر رضا نصر اللہ گھمن اور سٹی صدرلطیف نذر کی طرف سے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو باقاعدہ درخواست دی گئی تھی جہاں سے منظوری کے بعد دھوبی گھاٹ میں انتظامات کی تیاریاں مکمل کی گئیں،ماضی میں بھی تقریباً سبھی سیاسی جماعتوں اور تمام بڑے سیاسی رہنما اس گراؤنڈ میں اپنے ہر قسم کے جلسے منعقد کرتے رہے ہیں،جن میں محترمہ فاطمہ جناح،ذوالفقار علی بھٹو،ائیر مارشل اصغر خان بھی اور عمران خان بھی شامل ہیں۔دوسری جانب فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے آج کے جلسہ کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے سلسلے میں آر پی او فیصل آباد عمران محمود کی طرف سے سکیورٹی پلان جاری کیا گیا،جس کے مطابق جلسہ گاہ کی سکیورٹی کیلئے1216اہلکار اور افسر تعینات کیے گئے ہیں، ایلیٹ فورس کی دس ٹیمیں بھی عمران خان اور جلسہ گاہ کی سکیورٹی پر تعینات کی گئی ہیں سکیورٹی پر موجود اہلکاروں کو لیڈر شپ کے ساتھ تصاویر بنانے اور نعرے بازی سے باز رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ایلیٹ فورس کی6سپیشل ٹیمیں عمران خان کو حصار میں لیے رکھیں گی،سی پی او فیصل آباد نے جلسہ کیلئے سکیورٹی پلان کی منظوری دیدی۔پی ٹی آئی کے آج دھوبی گھاٹ میں منعقد ہونے والے جلسہ میں وکلاء کیلئے الگ نشستیں مختص کردی گئی ہیں جہاں وکلاء کی باوقار اور آسان طریقہ سے شرکت کیلئے انٹری کارڈ بھی جاری کیے گئے ہیں۔دریں اثناء سیالکوٹ میں جلسہ کو سبوتاژ کرنے اور جلسہ کے منتظمین‘مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور تشدد آمیز کارروائیوں کے خلاف عمران خان کی کال پر گذشتہ رات فیصل آباد میں مختلف مقامات پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں،یہ ریلیاں قومی اسمبلی کے چار حلقوں سے جبکہ ایک سٹی تنظیم اور پاکستان یوتھ کی طرف سے نکالی گئیں،ریلیوں میں امپورٹڈ حکومت نا منظور کے نعرے بھی لگائے گئے اور لاٹھی چارج،شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی مذمت کی گئی اور گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔فیصل آباد میں ن لیگ وکلاء ونگ کی ڈویژنل اور ضلعی انتطامیہ نے وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل کو تحریری شکایات کی ہے کہ فیصل آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے ایک اطلاع جاری کرکے ڈی بی اے فیصل آباد کو ایک خاص پارٹی کے پلیٹ فارم کے طوپر استعمال کرکے عام وکلاء کے جذبات مجروح کیے ہیں اور یہ پنجاب بار کونسل کے رولز کی خلاف ورزی ہے اور بار انتظامیہ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے اور اس سے وکلاء کمیونٹی کی تضحیک کی گئی ہے، ن لیگ وکلاء ونگ نے اس کا فوری نوٹس لینے اور کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے اس تحریری شکایت پر رانا معظم عباس خاں ایڈووکیٹ،راؤ حسین احمد ندیم ایڈووکیٹ اور چوہدری راشد گوجر ایڈووکیٹ کے دستخط ہیں۔

پی ٹی آئی جلسہ

مزید :

صفحہ آخر -