پرویز لٰہی بجٹ پر بحث نہیں کرنے دے رہے، پنجاب مفلوج ہوچکا: مسلم لیگ (ن) 

پرویز لٰہی بجٹ پر بحث نہیں کرنے دے رہے، پنجاب مفلوج ہوچکا: مسلم لیگ (ن) 

  

لاہور(جنرل رپورٹر)پرویز الٰہی بجٹ پر بحث نہیں کرنے دے رہے،اس وقت پنجاب مفلوج ہو چکا ہے، عمران خان کی حکومت ختم ہونے پر عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے،گوگے گروپ نے منصوبہ بندی کر کے پاکستان کو لوٹا،یہ جان بوجھ کر ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ انارکی ہو اور ملک کو شام اور لیبیا بنا دیں،آئی ایف ایم کے ساتھ معاہدے کر کے موجودہ حکومت کو پابند کر دیا گیا ہے،کابینہ بنتے ہی ایک ایک ادارے اور محکمے کی کہانی سنائیں گے،مسیحی برادری نے پی ٹی آئی کو اپنی جگہ پر جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا،صحت کارڈ پر امیروں کے لئے علاج کی سہولت واپس لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانامشہود احمد خان،سردار اویس لغاری نے 90شاہراہ قائد اعظم پر مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ رانا مشہوداحمد نے کہاکہ عمران خان نے سونامی کا نعرہ لگایا توپہلے ہی کہہ دیا تھا کہ یہ تباہی اور بربادی ہی لائیں گے، سابقہ حکومت کی نا لائقی اور کرپشن کی وجہ سے ڈالر کی بڑھی کیونکہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں آئی،جس جس ادارے پر ہاتھ ڈال رہے ہیں کرپشن کی داستانیں سامنے آ رہی ہیں، گوگے گروپ نے منصوبہ بندی کر کے ملک کو لوٹا۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ جان بوجھ کر کیا گیا کیونکہ یہ معاشرے میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ پر عملدرآمد کیاجائے گا، آئین و قانون کو توڑنے نہیں دیں گے،معاشرے کو زبوں حالی کا شکار نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کو جان بوجھ کر لانے نہیں دیاجارہا،حمزہ شہباز سو نہیں رہے آرام نہیں کررہے جیسے ہی انتخابی اصلاحات ہوں گی اس کے بعد ہی اتحادیوں کے مشورے سے انتخابات ہوں گے۔اویس لغاری نے کہا کہ عمران خان نیوٹرل کی کیا تعریف کر رہے  ہمارے دور میں پنجاب کے لوگوں کو سروس ڈیلیوری ملے گی،ہر ضلع میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں،جنوبی پنجاب میں انہوں ایک درخت نہیں لگایا اور فاریسٹ کمپنی بند کر دی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے بغیر وزیراعلی کی کوئی حیثیت نہیں،صدر اور گورنر نے پنجاب کی عوام کو سبسڈی دینے سے روکا ہوا ہے،اس وقت عدالتوں پر سیاسی کیسز کا بوجھ ہے،ہم عدالتوں سے اپنے سیاسی فیصلے نہیں کروانا چاہ رہے۔عمران خان حکومت کے خاتمے پر سیاسی درجہ حرارت بڑھانا اور تناؤ چاہتے ہیں۔ مہنگائی میں کمی کیلئے آٹھ دن سے شوگر ملزم اور گھی ملز ایسوسی ایشنزوالوں سے بات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کو آئینی حق نہیں کہ بغیر اجلاس چلائے دو ہفتہ آگے لے جائے،پرویز الٰہی بجٹ پر بحث نہیں کرنے دے رہے،اس وقت پنجاب مفلوج ہو چکا ہے، گورنر کا نام بھیج دیا ایک دو روز میں گورنر کا بھی فیصلہ ہوجائے گا۔

مسلم لیگ ن 

مزید :

صفحہ آخر -