گیس لوڈشیڈنگ،میئر پشاور کی جی ایم سوئی گیس سے ملاقات

   گیس لوڈشیڈنگ،میئر پشاور کی جی ایم سوئی گیس سے ملاقات

  

      پشاور(سٹی رپورٹر)میئر پشاور حاجی زبیر علی نے شہر میں گیس کم پریشر اور لوڈشیڈنگ سے متعلق جی ایم سوئی گیس تاج علی خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران میئر پشاور حاجی زبیر علی نے جی ایم سوئی گیس تاج علی خان کو پشاور کے مختلف علاقوں میں گیس کے کم پریشر اور گیس لوڈشیڈنگ اور اس سے درپیش مسائل بارے آگاہ کیا۔ جی ایم سوئی گیس نے پشاور میں گیس کے کم پریشر اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں گیس پائپ لائن بچھانے کا عمل جاری ہے جس کے باعث گیس کم پریشر اور لوڈشیڈنگ کے مسائل سامنے آرہے ہیں جس پر جلد قابو پا لیا جائے گا اور عوام کو بلا تعطل گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ جی ایم سوئی گیس نے مزید کہا کہ پشاور میں گیس کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لئے پشاور کو پانچ زونز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ گیس کی مد میں درپیش مسائل پر فوری قابو پایا جا سکے اور عوام سہولیات میسر ہوں۔ میئر پشاور حاجی زبیر علی نے جی ایم سوئی گیس تاج علی خان کا شکریہ ادا کیا کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ جہاں کہیں بھی محکمہ سوئی گیس حکام کو مسائل کا سامنا ہو اس کے خاتمے کے لئے کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے ساتھ ملکر شہریوں کے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں اداروں کے درمیان بہترین کوآرڈی نیشن ہی کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -