مردہ مرغیوں کا گوشت سپلائی کرنیوالے گروہ کا سرغنہ گرفتار 

  مردہ مرغیوں کا گوشت سپلائی کرنیوالے گروہ کا سرغنہ گرفتار 

  

پشاور(سٹی رپورٹر)  ضلعی انتظامیہ نے پشاور میں مردہ مرغیوں کا گوشت سپلائی کرنے والے گروہ کو سر غنہ سمیت گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ فقیر کلے کے علاقے میں ایک گروہ مردہ مرغیوں کے گوشت کو صاف کر کے پشاور کے مختلف ریسٹورنٹس کو سپلائی کر رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے فوری کاروائی کا حکم دیا۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لطف الرحمان کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے ایس ایچ او کامران خان کے ہمراہ  پجگی روڈ پر فقیر کلے کے علاقے میں ایک گودام پر اچانک چھاپہ مارتے ہوئے مردہ مرغیوں کو صاف کر کے ان کا گوشت سپلائی کر نے پر گروہ کے سر غنہ سمیت 3 افراد کو گرفتار کر تے ہوئے موقع سے 3000 سے زائد مردہ مرغیوں کو قبضہ میں لے لیا۔ اس موقع پر بات کر تے ہوئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لطف الرحمان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پشاور کو اطلاع ملی تھی جس پر آج کی کاروائی عمل میں لائی گئی۔ انھوں نے کہا کہ یہ گروہ مختلف پولٹری فارمزاور دکانوں سے مردہ مرغیا ں اکٹھی کر کے بعد میں ان کو صاف کر کے گوشت کو پشاور کے مختلف ریسٹورنٹس، شورمہ اور برگر سمیت دیگر دکانوں کو سپلائی کر تا تھا۔ انتظامیہ ان سے مزید تفتیش کر رہی ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کو بھی جلد گرفتار کر لیاجائے گا۔ ڈپٹی کمشنر پشاورشفیع اللہ خان نے انتظامی افسران کو اپنے علاقوں میں پولٹری کا کاروبار کر نے والوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کسی بھی پولٹری کی دکان پر مردہ مرغی پائے جانے پر سخت کاروائی کی ہدایت کی ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -