تمام انتخابی وعدوں کو پورا کیا جائے گا‘ مولانا لطیف الرحمان

  تمام انتخابی وعدوں کو پورا کیا جائے گا‘ مولانا لطیف الرحمان

  

 ڈیر ہ اسماعیل خان(بیورو رپورٹ)خیبر پختونخواہ اسمبلی میں جے یوآئی کے پارلیمانی لیڈر و ضلعی امیرجے یو آئی مولانا لطف الرحمن نے جلیبی چوک تا بگوانی جنوبی 8کلومیٹر روڈ کی تعمیر اور 4کلو میٹر روڈ کی مرمت کے کام کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا لطف الرحمن کا کہنا تھا کہ جے یو آئی عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریگی، پی ٹی آئی کی طرح ہم زبانی جمع خرچ نہیں کرینگے،عوام اس دھوکے باز پارٹی سے بچ کر رہیں، یہ دین اور دنیا دونوں کی دشمن ہے۔ امین برادران اور پی ٹی آئی کوئی میگا پراجیکٹ ڈیرہ نہیں لاسکی، عوام کو گلیوں نالیوں اور  چوکوں پر نصب چند گھوڑوں میں الجھا کر رکھ دیا ہے، پارٹی کے چیئرمین سے لیکر کارکن تک جھوٹ کی بنیاد پر سیاست کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کاموں میں روڑے اٹکائے جاتے ہیں،جلیبی چوک سے لے کر بگوانی تک کے لوگوں کو انتہائی خستہ حال روڈ کا جو دیرینہ مسئلہ درپیش تھا وہ الحمداللہ حل ہوگیا ہے، اجتماع میں جے یو آئی کے مقامی رہنماں حا جی رشید دھپ،قاری محمد امین،قاری محمد اشرف،چیئرمین سلیم خان، چیئرمین نورالرحمن خان وزیر، چیئرمین ملک ریاض اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مولانا لطف الرحمن نے کہا کہ سازشی خط ایک ڈرامہ ہے جو اپنی حکومت کی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے رچایاگیا ہے ایک ادارے پر عمران خان بے جا تنقید کررہے ہیں اپنی فوج کیخلاف کوئی ایسی زبان استعمال نہیں کرتا۔پہلے عمران اور اسکے وزرا کہتے تھے کہ حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں اب رونا دھونا کس بات کا ہے پی ٹی آئی کی قسمت میں ہی رونا دھونا لکھا ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -