ڈیرہ،کیپرا کی رجسٹریشن مہم شمالی علاقہ جات میں جاری

  ڈیرہ،کیپرا کی رجسٹریشن مہم شمالی علاقہ جات میں جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       ڈیر ہ اسماعیل خان(بیورو رپورٹ)کیپرا کی رجسٹریشن مہم شمالی علاقہ جات میں جاری، درجنوں افراد ٹیکس دائرہ کار میں شامل۔ تفصیلات کے مطابق کیپرا کی جانب سے شمالی علاقات جات کے ٹیکس دہندگان کی سہولت اور آسانی کیلئے شروع کی گئی رجسٹریشن مہم تیسرے روز بھی جاری رہی، درجنوں افراد ٹیکس دائرہ کار میں شامل کئے گئے۔رجسٹریشن مہم کا باقاعدہ آغاز بدھ کے روز ہری پور سے کیا گیا جہاں پر کیپرا کے عملے نے موبائل رجسٹریشن کیمپ قائم کیا اور کیپرا کے انسپکٹرز اور مانیٹرنگ آفیسرز پر مشتمل تین ٹیموں نے دو دن تک ہری پور شہر اور خان پور میں واقع سروسز شعبے سے وابستہ کاروباری افراد کے دہلیز پر جا کر انکو موقع پر رجسٹریشن فراہم کی اور ان کو سیلز ٹیکس آن سروسز سے متعلق معلومات فراہم کی۔ جمعہ کے روز موبائل رجسٹریشن کیمپ کا انعقاد نتھیاگلی بازار میں واقع آفاق ہوٹل میں کیا گیا جبکہ چار فیلڈ ٹیموں نے گلیات کے مختلف علاقوں کے دورے کئے۔ کیپرا کے ایڈیشنل کلکٹر نارتھ عمر ارشد خان نے فیلڈ ٹیموں کیساتھ مل کر ٹیکس دہندگان کیساتھ ملاقاتیں کیں اور انکو اپنے عملے کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ عمر ارشد کا کہنا تھا کہ مہم کا انعقاد سروسز شعبے سے وابستہ ان افراد اور اداروں کی سہولت کیلئے کیا گیا ہے جنکا کاروبار تاحال کیپرا کیساتھ رجسٹر نہیں ہے تاکہ انکو انکی دہلیز پر یہ سہولت فراہم کی جائے۔ خیبر پختونخوا فنانس ایکٹ 2013کے مطابق سروسز کی فراہمی سے وابستہ تمام کاروباری افراد اور اداروں نے اپنا کاروبار رضاکارانہ طور پر کیپرا کیساتھ رجسٹر کروانا ہے اور ٹیکس کی بر وقت ادائیگی یقینی بنانی ہے۔ آپکے پاس یہ موقع ہے کہ اپنا کاروبار اس مہم میں کیپرا کیساتھ رجسٹرڈ کروائیں تاکہ بعد میں قانونی کارروائیوں سے بچ سکیں۔ انہوں ہری پور اور گلیات کے کاروباری افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کیپرا کے عملے کیساتھ تعاون کیا۔ عمر ارشد خان نے کیپرا کو رجسٹریشن مہم میں کیپرا کو تعاون فراہم کرنے پر امریکی ادارے برائے بین الاقوامی ترقی یو ایس ایڈ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ کیپرا کی رجسٹریشن مہم 20مئی2022 بروز جمعہ تک جاری رہے گی جسکے دوران مانسہرہ، ناران، کاغان، بالاکوٹ اور بٹہ کونڈی میں موبائل رجسٹریشن کیمپ لگائے جائیں گے۔ ہفتہ اور اتوار کی روز مانسہرہ میں مہم کا انعقاد کیا جائیگا۔