عمران نیازی کی ناکام پالیسیاں،ملک دنیا میں تنہا رہ گیا:آفتاب شیر پاؤ

  عمران نیازی کی ناکام پالیسیاں،ملک دنیا میں تنہا رہ گیا:آفتاب شیر پاؤ

  

       پشاور(سٹی رپورٹر) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے عمران نیازی کا بیانیہ جھوٹ پر مبنی اور اپنی چار سالہ ناقص کارکردگی چھپانے کی ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق نااہل وزیر اعظم اپنی ناقص کارکردگی پر پردہ ڈالنے اور عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے ان کو گمراہ کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں تحصیل ہر بن بھاشاکے نومنتخب تحصیل چیئرمین اسداللہ قریشی کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ عمران خان کی غیر سیاسی طرز عمل سے لوگوں میں خانہ جنگی پیدا ہونے کا اندیشہ ہے انھوں نے کہا کہ عمران نیازی نوجوانوں میں اشتعال پیدا کرکے ان کو تشدد پر اکسانے اور ملک کوانار کی کی طرف لے جارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ عمران خان کی کوشش ہے کہ ریاستی اداروں کو سیاست میں گھسیٹا جائے۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی چار سالہ دور اقتدار میں نہ صرف ریاستی اداروں کوبے تحاشا نقصان پہنچایا گیا بلکہ مہنگائی نے تمام حدیں پار کردی۔انھوں نے کہا کہ ملک کو معاشی و اقتصادی ابتری میں دھکیلا گیا اور عمران نیازی کی ناکام پالیسیوں کی بدولت ملک دنیا میں تنہارہ گیا۔انھوں نے کہا کہ ملک کے عوام اور باالخصوص نوجوانوں کو پی ٹی آئی کے قیادت کی کوتاہیوں اور حقائق سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عمران نیازی اپنی مکروہ ایجنڈے کی تکمیل میں کامیاب نہ ہوسکے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت انتخابی اصلات کیلئے جلد از جلد راہ ہموار کرے۔انھوں نے کہا کہ ہمیں جب بھی موقع ملا صوبہ بھر کی بلاامتیاز خدمت کی ہے جس میں ضلع کوہستان سرفہرست ہے۔انھوں نے کہا کہ کوہستان کی جنگلات کی رائلٹی کی مد میں وہاں کے عوام کو80فیصد اورحکومت کو20فیصد رائلٹی ملتی ہے جو ہماری کوششوں سے ممکن ہوا۔اس موقع پر پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنمااور کوہستان اپر و لوئر کے پارٹی عہدیدار اور کارکن بھی موجود تھے۔ 

مزید :

صفحہ اول -