عوام کو امپورٹڈ حکومت سے نجات دلائیں گے،عامر ڈوگر

عوام کو امپورٹڈ حکومت سے نجات دلائیں گے،عامر ڈوگر

  

ملتان(نیوزرپورٹر،خصوصی رپورٹر)سابق وزیر مملکت و سابق ایم این اے این اے 155 ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ پاکستان کی حقیقی آزادی کیلئے عوام کو عمران خان کے سنگ امپورٹڈ حکومت سے نہ صرف نجات دلانا ہوگی بلکہ عمران خان کے حالیہ جلسوں میں عوام کی مثالی شرکت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ عمران خان ہی پوری قوم کے نجات دہندہ ہیں، حقیقی (بقیہ نمبر21صفحہ6پر)

ملکی آزادی کے علمبردار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ این اے 155 کی مختلف یونین کونسلوں یوتھ ونگ، خواتین ونگ ملتان سٹی کے مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثنا این اے 155 ملتان شہر میں حقیقی آزادی کی جنگ عمران خان کے سنگ و امپورٹڈ حکومت نامنظور کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم(موبلائزیشن)اور ملتان میں 20 مئی کو ہونے والے جلسہ عام، حقیقی آزادی مارچ برائے اسلام آباد میں عوام کی شرکت کے حوالے سے شہر کی مختلف یونین کونسلوں میں موبلائزیشن کے موقع پر ملک محمد عامر ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ میر جعفروں اور میر صادقوں کی وجہ سے بیرونی طاقتیں پاکستان میں سازش کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں اور عوامی حکومت کو ہٹاکر پاکستان سے دشمنی کا منہ بولتا ثبوت دیا ہے، موجودہ حکمران نہ صرف نااہل ہیں بلکہ حکومت چلانا ان کے بس کی بات نہیں کیونکہ کنٹرول نہ ہونے والی لوڈ شیڈنگ اور لاقانونیت کے ساتھ ساتھ موجودہ حکومت کی بدمعاشی عیاں ہوچکی ہے لیکن عوام اپنے حوصلے بلند رکھے ہوئے ہے اور عمران خان کے سنگ اس سازشی ٹولے سے جلد ہی نجات پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب ان نااہل حکمرانوں نے پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں کو سبوتاژ کرنے کیلئے بھی اپنی غیر قانونی حرکتیں شروع کردی ہیں جس کی واضح مثال سیالکوٹ کے جلسے کو ناکام بنانے کی حکومتی مشینری کی بدمعاشی عوام کے سامنے ہے۔ ملک محمد عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ ملتان پاکستان تحریک انصاف کا قلعہ ہے، 20 مئی کو اپنے محبوب لیڈر عمران خان کے عظیم الشان جلسہ عام کے موقع پر ملتان کے عوام نہ صرف ان کا والہانہ استقبال کرے گی بلکہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ اس جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ اسی طرح اپنے محبوب قائد عمران خان کی کال پر آزادی مارچ کیلئے بھی ملتان کے عوام، نوجوان، خواتین، مزدور، کسان، بلدیاتی نمائندے بھرپور انداز میں شرکت کرکے یہ ثابت کریں گے کہ ہم سب وطن عزیز پاکستان کی حقیقی آزادی چاہتے ہیں اور اس امپورٹڈ حکومت کو نامنظور اور اس کے خاتمے کیلئے سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کی مختلف یونین کونسلوں کے اجتماعات اور مختلف ونگز کی موبلائزیشن میٹنگ میں لوگوں کا جوق در جوق شریک ہونا نہ صرف حوصلہ افزا ہے بلکہ عمران خان کے حقیقی آزادی کے بیانیہ کی بھی بھرپور حمایت کا اعادہ ہے۔ملتان۔سابق وزیر مملکت و سابق ایم این اے این اے 155 ملک محمد عامر ڈوگر حقیقی آزادی کی جنگ عمران خان کے سنگ کے حوالے سے ملتان میں 20 مئی کو ہونیوالے امپورٹڈ حکومت نامنظور کے سلسلے میں جلسہ عام اور حقیقی آزادی مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں شہر کی مختلف یونین کونسلوں، بلدیاتی نمائندوں، یوتھ ونگ، خواتین ونگ کے مختلف اجتماعات میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں خطاب کررہے ہیں۔دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف لیگل ونگ کے کوآرڈینیٹر شہزاد احمد سیال نے جلسہ اور آزادی مارچ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم انتظامیہ کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہ کریں،سیالکوٹ میں جلسہ کے دوران گرفتاریوں کی مزمت کرتے ہیں، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے جلسے کئے تھے ہم نے نہیں روکا تھا۔ حکومتی اوچھے ہتھکنڈوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ عمران خان ہی ملک کو اندھیروں سے نکال سکتے ہیں۔امریکہ کے کہنے پر پاکستان کی منتخب حکومت گرانے کی سازش کی گئی۔اس قوم میں اب سیاسی شعور آگیا ہے جو گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے۔ یہ غیور قوم اپنا حق لیکر رہے گی۔ امپورٹڈ حکومت کی کابینہ قوم کے خرچے پر لندن گئی جس کی مذمت کرتے ہیں،ملتان کے جلسے کی ابھی تک اجازت نہیں دی گئی، کسی صورت ہم جلسے سے نہیں رکیں گے۔ 20 مئی کو ملتان کے جلسے میں آزادی مارچ کی تاریخ مقرر کی جائے گی، حقیقی تبدیلی کے لئے عمران خان کا ساتھ دیں، ہم ہر رکاوٹ دور کر کے عمران خان کی آزادی مارچ کا حصہ بنیں گے، ہم عدالتوں سے اور سڑکوں پر نکل کر اپنا حق حاصل کریں گے، اس موقع پر تحریک انصاف لائرز فورم کے صدر شاہ زیب خان افشار، وکلا انوار اے خان، احتشام خان، وحید رضا گیلانی، فیصل حبیب، طاہر منصور بخاری، افضل بشیر انصاری سمیت دیگر موجود تھے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -