سابق آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز خوفناک کار حادثے میں ہلاک
سڈنی (ڈیلی پاکستان ) آسٹریلیا کے سابق کرکٹر اینڈریو سائمنڈز کار حادثے میں ہلاک ہو گئے ، حادثہ شہر ٹاؤنز ویل کے قریب پیش آیا ، اینڈریو سائمنڈز خطرناک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے ، ان کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔
لیجنڈری کھلاڑی کی موت پر سابق کرکٹر اور شائقین کرکٹ نے افسوس کا اظہار کیا ہے ، اینڈریو کے ساتھ کھیلنے والے آسٹریلوی کھلاڑی کرکٹر ایڈم گلکرسٹ، جیسن گلیسپی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں حادثے کو تکلیف دہ قرار دیا ۔ پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب اختر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اینڈریو سائمنڈز کی موت کا سن کر افسوس ہوا ، بھارتی کرکٹرزانیل کمبلے ، لکشمن اور ہربھجن سنگھ نے بھی سائمنڈز کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ 46 سالہ سابق کرکٹر دو مرتبہ آسٹریلوی ورلڈ چیمپئن سکواڈ کا حصہ رہے ، انہوں نے اپنےکیرئیر میں 26 ٹیسٹ ، 198 ون ڈے اور 14 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، انہوں نے انٹرنیشنل کیریئر میں مجموعی طور پر6 ہزار 887 رنز اور 165 وکٹیں حاصل کیں۔ افسوسناک واقعے پر سابق انگلش کپتان مائیل وون کا کہنا ہے کہ سائمنڈز کی موت کا یقین نہیں آرہا۔