چینی کسی صورت 70 روپے فی کلو نہیں دے سکتے ،  شوگر ملز ایسوسی ایشن  نے واضح اعلان کر دیا

چینی کسی صورت 70 روپے فی کلو نہیں دے سکتے ،  شوگر ملز ایسوسی ایشن  نے واضح ...
چینی کسی صورت 70 روپے فی کلو نہیں دے سکتے ،  شوگر ملز ایسوسی ایشن  نے واضح اعلان کر دیا

  

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) چینی فی کلو  70 روپے پر فروخت کرنے کے معاملات طے نہ کر پائے ، شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت پر واضح کر دیا کہ چینی کسی صورت 70 روپے فی کلو  فروخت نہیں کر سکتے ۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق  ترجمان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کہا کہ  چینی  70 روپے فی کلو گرام فروخت کرنے سے شوگر انڈسٹری تباہ ہو جائے گی  لہٰذا کسی صورت بھی چینی  70 روپے فی کلو گرام فروخت نہیں کر سکتے ۔خیال رہے اس سے قبل  شریف فیملی نے اپنی زیر ملکیت شوگر ملوں سے چینی 70 روپے کلو میں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا  تاکہ پنجاب میں چینی کی قیمت میں کمی لائی جاسکے۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق برسر اقتدار شریف فیملی نے پنجاب میں چینی کی قیمت میں کمی کے لیے اپنی ملکیت شوگر ملوں سے چینی 70 روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ٹیم نے شوگر ملز ایسوسی ایشن سے ملاقات کی جس میں حمزہ شہباز کی ٹیم اور شوگر ملز ایسوسی ایشن کے درمیان چینی کی قیمت میں کمی لانے کے لیے مذاکرات ہوئے۔

 ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کی جانب سے پنجاب بھر میں چینی 70 روپے میں فروخت کرنے کے حتمی فیصلے کے لیے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو 24 گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عوام کو سستے داموں چینی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں چینی 75 سے کم کرکے 70 روپے فی کلو گرام اور 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 550 سے کم کرکے 400 روپے میں فروخت کرنے کی ہدایت دی تھی۔

مزید :

اہم خبریں -بزنس -