پنجاب میں ڈائریا کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ، ناقص آئس کریم اور مشروبات کی فروخت پر پابندی ، پانی کی سیمپلنگ کرنے کی ہدایت جاری
لاہورل(جنرل رپورٹر )صوبہ پنجاب میں ڈائریا کے مریضوں میں تیزی سے اضافے کے بعد ناقص آئس کریم اور مشروبات کی فروخت پر پابندی اور پینے کے پانی کی سیمپلنگ کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں ڈائریا اورکولیرا کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے بعد محکمہ صحت پنجاب نے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔پنجاب میں ناقص آئس کریم اور مشروبات کی فروخت پر پابندی عائد کردی گئی، صوبے میں پینے کے پانی اور برف فیکٹریز کی سیمپلنگ کرنے اور پینے کے پانی کی صفائی کے لیے کلوری نیشن کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ہسپتالوں کو ڈائریا اور ہیضے کے مریضوں کے لیے بستر مختص کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ ہسپتال ادویات کے سٹاکس مکمل رکھیں، روزانہ ہسپتالوں میں ڈائریا اور کولیرا کے مریضوں کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔صوبے بھر میں ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کھانے کے پوائنٹس کی روزانہ چیکنگ کا حکم بھی دیا گیا ہے۔