'عمران خان کے فتنے سے لوگوں کوبچاوں گی، مریم نواز کا گجرات جلسے سے خطاب
گجرات(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ میرا بس چلے تو میں عمران خان کا نام اپنی زبان سے نہ لوں ، اس فتنے سے آپ لوگوں کو بچاؤں گی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نے اتنے جلسے کیے کہ عوام کے سر میں درد ہوگیا ، کیونکہ کارکردگی تو کچھ بتا نہیں سکے ، ان کی کارکردگی زیرو تھی، اور جب کارکردگی زیرو ہوتی ہے تو اس طرح کے ڈرامے تو کرنے ہوتے ہیں نہ۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اللّٰہ کرے تم زندہ رہو اور نواز شریف کی کامیابیاں اپنی آنکھوں سے دیکھتے رہو، اللّٰہ کرے تم زندہ رہو اور نواز شریف کی کامیابیاں دیکھ کر لوٹ پوٹ ہوتے رہو۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ میں رانا ثنا سے کہتی ہوں کسی حادثے کا انتظار نہیں کریں اور اس کی ویڈیو سامنے لے کر آؤ، عمران خان اگر تمھارے پاس ویڈیو ہے تو میں وعدہ کرتی ہوں کہ نواز شریف شہباز شریف سے زیادہ تمھیں سیکیورٹی دے گا، تم کہتے تھے کہ دیکھنا میں نواز شریف کا ایئر کنڈیشنڈ بند کروادوں گا، مگر نواز شریف تمھاری حفاظت کرے گا۔مریم نواز نے کہا کہ 2014 کے دھرنے میں تم نواز شریف کو گالیاں دیتے تھے ، مگر جب تم جلسے میں گر کر زخمی ہوئے تو نواز شریف اپنی انتخابی مہم چھوڑ کر تمھیں اسپتال میں دیکھنے کے لیے گیا۔