لاہور چیمبر کے زیر اہتمام منشیات کے عادی افراد کی بحالی پر سیمینار

لاہور چیمبر کے زیر اہتمام منشیات کے عادی افراد کی بحالی پر سیمینار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(سٹی رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے منشیات کی لت اور منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس کی صدارت لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کی جبکہ اس موقع پر کمانڈر اینٹی نارکوٹکس فورس بریگیڈیئر سکندر حیات چوہدری، علی مرتضیٰ، سی ای او برج بحالی مرکز ابوالحسن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے زین العابدین اور لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی رکن فریحہ یونس نے بھی خطاب کیا۔

لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ اس سیمینار کا مقصد سرکاری اور نجی اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے معاشرے کو منشیات سے پاک کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا منشیات کو کنٹرول اور اس کے مکمل خاتمے کے لیے اقدامات کرنے میں کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بطور تاجر برادری منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور عام لوگوں میں آگاہی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ کہا کہ ہم سب کے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے کہ ہمارے نوجوان منشیات کے عادی ہو رہے ہیں۔ کہا کہ جو لوگ ڈرگ مافیاز کے سہولت کار ہیں، انہیں قرار واقعی سزا دی جائے بریگیڈیئر سکندر حیات چوہدری نے کہا کہ اے این ایف منشیات کو پکڑنے اور اسے ٹھکانے لگانے کے لیے انتھک کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے آگاہی مہم چلانے پر زور دیا اور کہا کہ نوجوانوں کو نشے کی لعنت سے دور رہنے کی ترغیب دی جائے۔بریگیڈیئر سکندر حیات چوہدری نے کہا کہ منشیات ایک سٹریٹجک لیول کی وبا ہے کیونکہ اسے پیسہ کمانے کا آسان طریقہ سمجھا جاتا ہے اس لیے کچھ لوگ اس کی طرف راغب ہوتے ہیں لہذا یہ دہشت گردی سے بھی بڑا مسئلہ ہے۔ 

ن کا کہنا تھا کہ اسپتال صرف منشیات کے عادی افراد کے لیے بنائے جائیں۔فریحہ یونس نے کہا کہ اگر خاندان کا ایک فرد منشیات کا عادی ہو جائے تو پورا خاندان متاثر ہوتا ہے، اس لیے اس مسئلے کے حل کے لیے سب کو مل کر کام کرنا چاہیے۔علی مرتضیٰ نے کہا کہ نشہ بیماری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کے اہل خانہ بھی شدید پریشانی کا شکار ہوتے ہیں۔ ان کی کونسلنگ کی اشد ضرورت ہے تاکہ ان کے ذریعے منشیات کے عادی افراد کا علاج ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ خاندان کے افراد میں شعور کی کمی کی وجہ سے بچے نشے کے عادی ہو جاتے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید عادی ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے آگاہی سیمینارز کا فقدان ہے۔ لاہور چیمبر نے اس موضوع پر سیمینار منعقد کرکے ایک قابل تحسین قدم اٹھایا ہے۔

مزید :

کامرس -