خاتون کی وہ چھوٹی مگر حیران کن فرمائش جو پوری نہ ہونے پر معاملہ طلاق تک پہنچ گیا

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) شوہر کے ’کرکرے‘ کا پیکٹ نہ لانے پر بیوی نے طلاق کے لیے پولیس سے رجوع کر لیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر آگرہ کی رہائشی اس خاتون کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ خاتون کرکرے کھانے کی عادی تھی اور جب بھی ا س کا شوہر باہر جاتا وہ اسے واپسی پر5روپے والا کرکرے کا پیکٹ لانے کی فرمائش کر دیتی۔
خاتون کے اس مطالبے کی وجہ سے پہلے بھی کئی بار میاں بیوی میں جھگڑا ہو چکا تھا۔ گزشتہ دنوں خاتون نے ایک بار پھر شوہر سے کرکرے لانے کو کہاتاہم شوہر نے اس کی فرمائش نظر انداز کر دی اور واپسی پر کرکے نہ لایا،جس پر خاتون نے شوہر سے سخت جھگڑا کیا اور طلاق کے لیے پولیس سے مدد مانگ لی۔
رپورٹ کے مطابق آگرہ کے شاہجہاں پولیس سٹیشن میں میاں بیوی کو بلا کر پولیس نے معاملہ رفع دفع کرانے کی کوشش کی، تاہم خاتون طلاق کے مطالبے پر تاحال بضد ہے۔ شوہر نے پولیس کو بتایا کہ اس کی بیوی کرکرے کھانے کی لت میں مبتلا ہے اور کرکرے نہ لانے پر اکثر اس سے جھگڑا کرتی رہتی ہے۔دوسری طرف خاتون نے کہا کہ اسے شوہر نے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا ہے چنانچہ وہ ہر قیمت پر اس سے طلاق چاہتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پولیس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔