مسلح افراد کاپولیس وین پر حملہ ،ساتھی چھڑوالیا،2 افسران ہلاک

پیرس(ڈیلی پاکستان آن لائن)فرانس میں موٹر وے ٹول پلازہ پر مسلح افراد نے گھات لگا کر ایک جیل وین پر فائرنگ کردی جس میں 2 پولیس افسران ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے جب کہ حملہ آور اپنے ساتھی کو رہا کروا کر لے گئے۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق حملہ آور دو گاڑیوں میں سوار تھے اور انھوں نے گاڑیاں، پولیس وین سے ٹکرا دی جس سے پولیس وین کا اگلا حصہ تباہ ہوگیا اور وہ سڑک کے بیچ رک گئی۔بعد ازاں حملہ آروں نے اپنے ساتھ کو رہا کرایا اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ دو افسران ہلاک ہوگئے جب کہ دو زخمیوں میں سے ایک افسر کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا لیکن تاحال کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ فرار ہونے والے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔