پی سی بی کا مصباح الحق کو قیادت سے ہٹانے پر غور

پی سی بی کا مصباح الحق کو قیادت سے ہٹانے پر غور

لاہور(آئی اےن پی)پاکستان کرکٹ ٹےم کے کپتان مصباح الحق کو دورہ جنوبی افریقہ سے آرام دینے کی تجویز سامنے آگئی،پی سی بی نے خاندانی مسائل کے بہانے مصباح الحق کو قیادت سے ہٹانے کی تجویزپر غورشروع کردیا۔پی سی بی کے ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے مصباح الحق کو دورہ جنوبی افریقا کے لئے آرام کا مشورہ دے دیا۔ کہتے ہیں ٹیم کی فکر چھوڑیں اور آرام کریں۔ کافی عرصے سے بازگشت سنائی دی جارہی تھی کہ مصباح الحق کو کپتانی سے ہٹانے کے لئے لابی سرگرم ہوگئی ہے جنوبی افریقا کے خلاف ہوم گراونڈ یواےای میں پاکستانی ٹیم نے جس کلب کرکٹ کے کھیل کا مظاہرہ کیا اس سے صاف ظاہر تھا کہ کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے۔ذرائع کے مطابق اب چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے مصباح الحق کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جنوبی افریقا کے دورے کی فکر چھوڑیں اور آرام کریں لیکن یہ آرام چند دنوں کا ہے یا ہمیشہ کا اس کی وضاحت اب تک نہیں ہوئی ہے۔گوکہ نجم سیٹھی اور مصباح الحق دونوں نے اس بیان کی تردید کردی ہے تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ باریک کام لگانے والوں نے اپنا کام شروع کردیا ہے میڈیا کو نجم سیٹھی کے بیان کے حوالے سے آگاہ کرنے والے کوئی اور نہیں چیئرمین صاحب کے اطراف کے لوگ ہی ہوسکتے ہیں جن کی نشاندہی سابق کرکٹرز کرتے آئے ہیں۔جہاں تک مصباح کا تعلق ہے تو پاکستان ٹیم میں ان کا کردار ہارے ہوئے لشکر کے فاتح سپہ سالار کاہے انہوں نے ون ڈے کرکٹ کے اس کیلنڈر ائر میں سب سے زیادہ ایک ہزار ایک سو انیس رنز اسکور کئے ہیں جب کہ ان کی جگہ کپتانی کے شدید خواہش مند محمد حفیظ کا نمبر نواں ہے جنہوں نےرواں سال آٹھ سو چالیس رنز اسکور کئے ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا سے ون ڈے سیریز میں شرمناک شکست کے بعد کپتان مصباح الحق کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی