دھونی وکٹوں کے پیچھے 250 شکار مکمل کرنے والے بھارت کے پہلے اور دنیا کے ساتویں وکٹ کیپر بن گئے

دھونی وکٹوں کے پیچھے 250 شکار مکمل کرنے والے بھارت کے پہلے اور دنیا کے ساتویں ...

ممبئی (اے پی پی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز مہندرا سنگھ دھونی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ایک تیر سے دو شکار کر لئے۔ دھونی نے وکٹوں کے پیچھے 250 شکار مکمل کر لئے اور سارو گنگولی کا بطور کپتان زیادہ میچز کھیلنے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کے پیچھے زیادہ کیچ اور سٹمپ کرنے کا عالمی اعزاز جنوبی افریقہ کے مارک باﺅچر کو حاصل ہے، انہوں نے 555 شکار کئے۔

 جمعرات کو ویسٹ انڈیز کے خلاف شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کیلئے مہندرا سنگھ دھونی جب میدان میں اترے تو انہیں وکٹوں کے پیچھے 250 شکار مکمل کرنے کیلئے 2 کیچوں یا سٹمپ کی ضرورت تھی۔ انہوں نے پراگیان اوجھا کی گیند پر ٹینو بیسٹ کا کیچ لیکر یہ اعزاز حاصل کیا، انہوں نے اس میچ میں وکٹوں کے پیچھے تین کیچ لئے۔ وہ وکٹوں کے پیچھے 250 شکار مکمل کرنے والے بھارت کے پہلے اور دنیا کے ساتویں وکٹ کیپر بن گئے۔ اس کے علاوہ دھونی نے اس میچ میں شرکت کر کے سارو گنگولی کا بطور کپتان 49 میچوں کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی