وانا: پمفلٹس تقسیم، جرگے کا اتفاق رائے جنوبی وزیرستان میں موسیقی، رقص پر پابندی
خیبر (ویب ڈیسک) پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان ایجنسی میں پھر خوشیاں منانے یا شادی بیاہ اور منگنی کے موقع پر موسیقی سننے یا رقص کرنے پر ایک پمفلٹ کے ذریعے پابندی عائد کر دی گئی۔ یہ پمفلٹ چند روز قبل جنوبی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹرز وانا میں تقسیم کئے گئے اور مساجد میں پڑھ کر سنائے گئے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ یہ پابندیاں عائد کرنے کے لئے علاقے کی معتبر شخصیات اور علما کرام کا جرگہ منعقد ہوا جس میں اتفاق رائے سے پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خواتین کو محرم کے بغیر بازار‘ ڈاکٹر یا روحانی علاج کے لئے کسی کے پاس جانے پر پابندی عائد ہو گی اور اس کے خلاف ورزی کرنے والے قومی مجرم تصور کئے جائیں گے۔ مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں سی ڈی فروخت کرنے والی دکانیں بند کر دی گئی ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ سپر مارکیٹ میں چند موبائل فون کی دکانیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔

