افغان حکومت طاہر داوڑ کے قتل کی مکمل تحقیقات کرے گی ،میت جلد ہی پورے احترام کے ساتھ پاکستان کے حوالے کر دی جائے گی:ڈاکٹر عمر زخیلوال

Nov 15, 2018 | 12:07 AM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان میں افغان سفیر  ڈاکٹر عمر زخیلوال نے افغانستان  میں قتل ہونے والے پشاور کےسینئر پولیس افیسر  محمد طاہر خان داوڑ کے پر اسرار قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاہر داوڑ کے معاملے پر کابل اور جلال آباد میں رابطہ کیا ہے،میت کوبہت جلدمکمل احترام کےساتھ پاکستان کےحوالےکردیاجائیگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں متعین افغان سفیر ڈاکٹر عمر زخیلوال نے اسلام آباد سے لاپتا ہو کر افغانستان میں قتل ہونے والے پشاور پولیس کے ایس پی طاہر خان داوڑ کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاہر داوڑ کے معاملے پر کابل اور جلال آباد میں رابطہ کیا ہے،افغانستان کی حکومت طاہر داوڑ کے قتل کی مکمل تحقیقات کرے گی۔انہوں نے کہا کہ طاہر داوڑ کی میت اس وقت جلال آباد میں موجود ہے،میت کوبہت جلدمکمل احترام کےساتھ پاکستان کےحوالےکردیاجائیگا۔دوسری طرف پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بھی طاہر داوڑ کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایس پی طاہر خان داوڑ کی لاش جلال آباد میں پاکستانی سفارتکاروں کے حوالے کر دی گئی ہے،طاہر خان داوڑ کو سرحدی صوبے ننگرہار کے ایک دور افتادہ علاقے دوربابا میں قتل کیا گیا، جہاں سے اُن کی لاش ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ  کابل میں پاکستانی سفارتکار اس مسئلے پر افغان حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

مزیدخبریں